سکھر،13 مارچ ( اے پی پی):سندھ کے اطلاعات، بلدیات، جنگلات اورمذہبی معاملات کے وزیر سید ناصر حسین شاہ نے سٹی پوائنٹ سکھر کے قریب دریائے سندھ سے نکلنے والی دادو اور رائس کینال کے انسپکشن پاتھ پر 4.1 کلو میٹرطویل اور 110 ایکڑ پر مشتمل شہری بیلے / درخت پلانٹ (پیپلز اربن فاریسٹ سکھر) کا افتتاح کردیا۔ جہاں شروعاتی طور پر محکمہ جنگلات کی جانب سے ایک لاکھ سے زائد مختلف 32 اقسام کے پودے لگائے گئے ہیں۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے شہری بیلے کے تحفظ، سہولیات کے لیے سندھ حکومت اورذاتی طور پر فنڈز کی فراہمی سمیت فوری طور پر سولر نظام کے ذریعے پودوں کو پانی کی فراہمی کا اعلان کرتے ہوئے صاحب حیثیت افراد، مخیرحضرات اور سماجی رہنماسمیت میونسپل کارپوریشن اور دیگر اداروں پرزور دیتے ہوئے کہا کہ وہ آگے آئیں اور اس سے پہلے شہری بیلے کو اونر شپ دیں اور تحفظ میں اپنا کردار ادا کریں کیونکہ سرسبزہ انسانی صحت اور ماحول میں انقلابی تبدیلی لانے میں مددگار ہوتا ہے۔
سندھ کے اطلاعات، بلدیات، جنگلات اور معاملات کے وزیر سید ناصر حسین شاہ نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ سندھ کے وزیر اعلیٰ سمیت تمام کابینہ محنت کررہی ہے اور آج سکھر میں پہلے اربن فاریسٹ کا افتتاح اسی سلسلے کی کڑی ہے۔محکمہ جنگلات کے افسران، ملازمین، ضلعی انتظامیہ اور سابق مئیر کی کوششیں قابل ستائش ہیں، کم وقت اور مختصر بجٹ میں یہ کام شروع کیا گیا ہے کیونکہ کینالوں سے ہٹائی جانے والی تجاوزات کے بعد دوبارہ قبضہ ہونے کا خدشہ تھا ، اس لیے فوری طور پر اربن فاریسٹ قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکھر اربن فاریسٹ کی بہتری اور اس کو محفوظ بنانے کے لیے باقاعدہ ایک اسکیم بنائی جائے گی، میونسپل کارپوریشن سکھر کو اس کی اونرشپ لینی چاہیے اور اس کی بہتری کے لیے سولر نظام کے ذریعے پانی کی فراہمی کا کام وہ ذاتی طور پر کرائیں گے۔
تقریب سے چیف کنزرویٹر فاریسٹ ڈاکٹر عبدالجبار قاضی، کمشنر سکھر شفیق احمد مہیسر، سید اکبر شاہ، سید شاہد شاہ، کنزرویٹرفاریسٹ سلیم وسطڑو، ڈی ایف اوضیاد اللہ لغاری اور دیگر موجود تھے۔