شہریوں کو تعلیم کے یکساں مواقع فراہم کرنا ان کا آئینی و بنیادی حق ہے؛ وفاقی وزیرسید فخر امام

119

اسلام آباد،15مارچ  (اے پی پی):وفاقی وزیر قومی غذاتی تحفظ سید فخر امام نے معیاری تعلیم کے فروغ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہریوں کو تعلیم کے یکساں مواقع فراہم کرنا ان کا آئینی و بنیادی حق ہے۔

 وفاقی وزیر نے ان خیالات کا اظہار خیبرپختونخوا حکومت ایکسپوزر پروگرام کے تحت اقلیتی یوتھ پر مشتمل وفد سے گفتگو کے دوران کیا جنہوں نے   اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔  وفاقی وزیر سید فخر امام نے کہاکہ آئین کے آرٹیکل 25-A کے تحت پاکستان میں بسنے والے تمام شہریوں کو تعلیم سمیت یکساں بنیادی حقوق حاصل ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بدقسمتی سے 20سے 25 ملین کے لگ بھگ بچے 10سالہ تعلیم مکمل کرنے سے قاصر ہیں۔

سید فخر امام نے بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ روا رکھنے جانے والے رویئے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے بھارت میں بسنے والی اقلیتوں کے ساتھ دوسرے درجے کے شہریوں جیسا رویہ روا رکھا ہوا ہے جبکہ پاکستان میں اقلیتوں کو مساوی حقوق حاصل ہیں۔انہوں نے کہاکہ قائداعظم محمد علی جناح نوجوانوں کے لئے رول ماڈل کا درجہ رکھتے ہیں، قائداعظم نے ہمیشہ محنت اور کسی بھی شعبے میں مہارت حاصل کرنے کے لئے تعلیم کے حصول پر زور دیا ، جدید علوم حاصل کئے بغیر کوئی بھی قوم آگے نہیں بڑھ سکتی۔

وفاقی وزیر سید فخر امام نے کہا کہ نوجوان نسل کو وزیراعظم عمران خان کی دو خوبیوں ہمت و حوصلے کو اپنانا چاہئے ۔انہوں نے نوجوانوں میں کردار سازی کی ضرورت پر بھی زور دیا۔