راولپنڈی۔8مارچ (اے پی پی):تھانہ سول لائن کے علاقے میں نامعلوم دہشت گردوں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے ایس ایچ او تھانہ ریس کورس انسپکٹر میاں عمران عباس کی نماز جنازہ پیر کی سہ پہر پولیس لائن راولپنڈی میں ادا کر دی گئی ۔اس موقع پرپولیس کے چاق و چوبند دستوں نے شہید انسپکٹر کے جسد خاکی کو سلامی پیش کی، نماز جنازہ میں وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد،ڈسٹرکٹ اینڈسیشن جج راولپنڈی،سٹیشن کمانڈر برگیڈئیر اعجاز قمر کیانی، آر پی او راولپنڈی، سی پی او راولپنڈی، حساس اداروں کے افسران، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی، تمام اضلاع کے ڈی پی اوزچیف ٹریفک افسر راولپنڈی، ایس ایس پی آپریشنز، ایس ایس پی انوسٹی گیشن، ڈی پی او اٹک، ڈویژنل ایس پیز، دیگر سینئر پولیس افسران، اہلکاروں اور شہریوں نے ہزاروں کی تعداد میں شرکت کی ۔نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد انسپکٹر عمران عباس کو ریس کورس کے ملحقہ آرمی قبرستان میں سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔شہید کے کم سن بچوں کی بھی جنازے میں شرکت، لوگوں کی جانب سے بچوں سے شفقت کا اظہار کیا گیا۔واضح رہے کہ انسپکٹر محمد عمران عباس گزشتہ روز شرپسند عناصر کی فائرنگ سے شہید ہو گئے تھے ایس ایچ او ریس کورس انسپکٹر عمران عباس شہید2 اپریل 1979 کو پیدا ہوئے،آبائی علاقہ پاکپتن ہے، 22جولائی 1998اسسٹنٹ سب انسپکٹر کی حیثیت سے محکمہ پولیس میں شامل ہوئے میاں عمران سب انسپکٹر میاں محمد عباس شہیدکے بیٹے تھے جو جولائی 1990میں تھانہ آر اے بازار کے علاقے میں چھاپے کے دوران ڈاکوئوں کا مقابلہ کرتے شہید ہوئے تھے ۔انسپکٹر عمران عباس کئی تھانوں میں ایس ایچ او تعینات رہے اور بہادری اور دلیری کا مظاہرہ کرتے ہوئے احسن کارکردگی کی بنا پر 92 انعامات حاصل کئے شہید انسپکٹر نے سوگواران میں بیوہ،2 بیٹے اور1 بیٹی کو چھوڑا ہے ادھر تھانہ سول لائن پولیس نے میاں عمران عباس پر ہونے والے حملے کا مقدمہ درج کر لیا ہے انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ7اے ٹی اے اور تعزیرات پاکستان کی دفعہ 302/34کے تحت یہ مقدمہ نمبر299ایس ایچ او تھانہ کینٹ سب انسپکٹراعزاز عظیم کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے ایف آئی آر کے مطابق میاں عمران عباس فیملی کے ہمراہ صدر کے ایک ہوٹل سے واپس گھر جارہے تھے کہ جم خانہ راولپنڈی کے قریب عقب سے آنے والے 2موٹر سائیکل سوار ان کی گاڑی کے قریب ہو ئے اور پیچھے بیٹھے شخص نے فائرنگ کی جس سے گاڑی فٹ پاتھ سے ٹکرا گئی اس دوران ملزمان کا تعاقب کرنے کی کوشش کی گئی لیکن وہ رش کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ میاں عمران عباس سنگین نوعیت کے چند مقدمات کی تفتیش کر رہے تھے جس وجہ سے نامعلوم دہشت گردوں نے انہیں دن دیہاڑے ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا ایس پی پوٹھوہار سید علی نے بتایا کہ وقوعہ کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اورتمام زاویوں پر تحقیقات کی جارہی ہیں، تفتیش کرکے حقائق کو سامنے لایا جائے گا۔