لاہور 9، مارچ(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے ملاقات کی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، فلاح عامہ کیلئے کی جانے والی قانون سازی، سیاسی صورتحال اور صوبے میں امن عامہ کی صورتحال کیلئے اقدامات پر بات چیت کی گئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کیلئے تمام ضروری اقدامات کی ہدایت کر دی۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے کہا عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے، صوبے میں قانون کی پاسداری کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا،کسی صورت قانون شکنی برداشت نہیں کی جائے گی،اپوزیشن نے اڑھائی برس احتجاج کیا جبکہ تحریک انصاف کی حکومت نے عوام کی خدمت کی، پی ڈی ایم کا ٹولہ عوام میں اپنی ساکھ کھو بیٹھا ہے، لانگ مارچ کا شوشہ چھوڑنے والوں کی ناکامی نوشتہ دیوار ہے، عوام ترقی کا سفر روکنے والے کسی لانگ مارچ کا حصہ نہیں بنیں گے، وزیراعظم عمران خان نے قوم کو شفافیت کی نئی منزل سے روشناس کرایا ہے۔اس موقع پر صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے کہا کہ آپ کی ہدایت پر صوبے میں قانون کی حکمرانی یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدام کیا ہے،قانون کی عملداری کے حوالے سے مزید اقدامات کئے جائیں گے،
اپوزیشن کو نازک موقع پر قوم کو تقسیم کرنے سے گریز کرنا چاہیئے۔