اسلام آباد۔8مارچ (اے پی پی):وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ عظیم مسلح افواج اور پولیس کے اہلکاروں نے جانیں قربان کر کے دہشت گردی کو شکست دی ہے، اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، پشاور اور کراچی میں خطرہ ہے، پارلیمنٹ کے سامنے دو روز قبل جو ہوا اس کی مذمت کرتا ہوں ،قائدین کو بھی نیوز کانفرنس کے لئے مناسب جگہ کا انتخاب کرنا چاہیے تھا، بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو پاکستان انسٹیٹوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری عظیم مسلح افواج اور پولیس نے شہادتیں دے کر دہشت گردی کو شکست دی ہے۔انہوں نے کہا کہ شمالی اورجنوبی وزیرستان میں پاک فوج نے 5 دہشت گردوں کو کل بھی ہلاک کیا ہے۔انشا اللہ دہشت گرد شکست کھائیں گے اور ملک میں امن اور سکون کی فضا قائم ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز راولپنڈی اسلام آباد میں دو پولیس اہلکار شہید ہوئے جس پرانہیں افسوس ہے۔ پولیس اور فوج جانوں کی پرواہ کیے بغیر ہماری زندگی آسان بناتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ نیکٹا اوردیگر اداروں نے اطلاع دی ہے کہ ہلال اور عدنان رشید کے کمانڈر راولپنڈی اور اسلام آباد میں ایکٹو ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہدا پیکج کے تحت شہدا کے لواحقین کو پونے تین کروڑ روپے کا پیکج دیاجاتا ہے ۔ تمام زندگی تنخواہ کی ادائیگی کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیزکے لئے پولیس اور فوج نے دہشتگردی کے خلاف جنگ لڑی اور بہت سی قربانیاں دیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ناکوں پر غریبوں کو تنگ کیا جاتا ہے ۔ ایگل سکواڈ چلائے جائیں گے۔ جدید گاڑیاں پولیس کو دی جائیں گی۔ باقی ناکے بھی ختم کر دیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے سامنے دو روز قبل جو کچھ ہوا میں اس کی مذمت کرتا ہوں لیکن قائدین کو بھی نیوز کانفرنس کے لئے مناسب جگہ کا انتخاب کرنا چاہیے تھا۔ جیسے ہی واقعہ کی اطلاع ملی آئی جی اسلام آباد کو فون کرکے سکیورٹی مہیا کرنے کی ہدایت کی ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ اساتذہ اور سرکاری ملازمین کے ساتھ مل کر معاملات طے کئے ہیں اور بجٹ میں بھی سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے گا۔