مظفرگڑھ، 14 مارچ(اے پی پی):چھوٹے بھائی کی جان بچاتے ہوئے ڈوبنے والے بڑے بھائی کی لاش 3 دن گزرنے پر بھی نہ مل سکی،امدادی ٹیمیں تلاش میں مصروف ہیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق 28 سالہ وحید حسین 12 مارچ کو 11 سالہ چھوٹے بھائی اشفاق حسین کے ساتھ مظفرگڑھ کے نواح میں موضع لال پور میں دریائے چناب کے کنارے سپر نمبر 1 کے قریب لکڑیاں چن رہا تھا کہ اچانک چھوٹا بھائی اشفاق حسین پاؤں پھسلنے سے دریا میں جا گرا، وحید حسین نے چھوٹے بھائی کو بچانے کےلئے دریا میں چھلانگ لگا دی اس نے چھوٹے بھائی کو تو بچا لیا لیکن خود دریا کی موجوں کی نذر ہوگیا۔
وحید حسین کو دریائے چناب میں ڈوبے ہوئے تیسرا دن ہے تا حال نعش نہ مل سکی ہے جبکہ تین دن سے ریسکیو آپریشن جاری ہے مگر ریسکیو ٹیموں کو ابھی تک کامیابی حاصل نہیں ہوئی ہے، ریسکیو 1122 کے ساتھ قریب واقع فضل ٹیکسٹائل مل کی کشتیاں بھی لاش کی تلاش میں مصروف ہیں، ورثا نے ریسکیو آپریشن کو تیز اور وسیع کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔