مظفرگڑھ ضلع پرائس کنٹرول کمیٹی کےاجلاس

30

مظفرگڑھ، 27 مارچ(اےپی پی ): ڈپٹی کمشنر انجینئر امجد شعیب خان ترین نے کہا ہے کہ مظفرگڑھ میں غلہ منڈی کے قیام کے لئے عملی کام شروع ہوچکا ہے، غلہ منڈی کے قیام سے نہ صرف ضلع میں اشیاء خوردونوش کی قیمتیں کم ہونگی بلکہ مظفرگڑھ کی عوام کو روزگار بھی میسر ہوگا، تاجر برادری کو بھی سہولیات میسر ہونگی لوڈنگ اور ان لوڈنگ کے اخراجات کی بچت ہوگی یہ بات انہوں نے ضلعی پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ جام آفتاب حسین بھی ان کے ہمراہ تھے۔

ڈپٹی کمشنر انجینئر امجد شعیب خان ترین نے اے ڈی سی فنانس اینڈ پلاننگ جام آفتاب کو ہدایت کی کہ غلہ منڈی میں پانی اور بجلی کی سپلائی کیلئے جلد سے جلد اقدامات کئے جائیں،انہوں نے کہا کہ جن تاجروں نے ابھی تک قبضہ نہیں لیا ان کی الاٹمنٹ منسوخ کرتے ہوئے دلچسپی رکھنے والے تاجروں کو الاٹمنٹ کی جائے تاکہ وہاں جلد سے جلد کام شروع ہوسکے۔

 اے ڈی سی فنانس اینڈ پلاننگ نے بتایا کہ غلہ منڈی میں متعدد تاجروں نے تعمیرات کا کام شروع کردیا ہے بجلی کی فراہمی کیلئے متعلقہ ادروں کو ہدایت جاری کردی گئی ہیں جلدہی بجلی کی سپلائی فراہم کردی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت کی مطابق چینی کے کاروبار سے مڈل مین کے کردار کو ختم کردیا گیا ہے، چینی کی ڈیلر شپ کیلئے تاجروں کی رجسٹریشن کی جارہی ہے جس کیلئے جی ایس ٹی نمبر لازمی قرار دیا گیا ہے۔ ڈیلر چینی کی خرید و فروخت کا مکمل ریکارڈ مرتب کریں گے جس سے چینی کی قیمتوں میں استحکام پیدا ہوگا اور عوام کو سستے داموں چینی میسر ہوگی۔

اجلاس میں انجمن تاجران اور کریانہ ایسوسی ایشن کی مشاورت سے مختلف اشیاء خوردونوش کی قیمتوں کا تعین بھی کیا گیا جس کا نوٹیفیکیشن ڈپٹی کمشنر جاری کریں گے۔ اجلاس میں انجمن تاجران کے نمائندگان شیخ عامر سلیم، ریاض صدیقی، نذیر احمد مبشر ضیاء سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔