ملتان؛پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائی، 122فوڈ یونٹس کی چیکنگ، پان شاپ سیل، 67کو وارننگ نوٹسز جاری کیے گئے

27

ملتان، 26مارچ (اے پی پی):حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزیوں پر پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ملتاں ڈویژن میں کارروائیاں، 122فوڈ یونٹس کی چیکنگ، پان شاپ سیل، 67کو وارننگ نوٹسز جاری کیے گئے ۔

 ڈی جی فوڈ اتھارٹی رفاقت علی نسوآنہ نے کہا کہ شیر شاہ میں عبدالخالق پان شاپ کو گٹکا فروخت کرنے پر سیل کر دیا گیا ہے، کارروائی کے دوران 183ساشے گٹکا ضبط کر لیا گیا ہے۔انہوں  نے کہا بہاولپور روڈ پر شانی فوڈ انڈسٹریز کو فوڈ اتھارٹی قوانین کی خلاف ورزی پر 25ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا گیا ہے،خوراک کی تیاری میں کھلے، ناقابل سراغ اجزاء اور فلیورز کے استعمال پر جرمانہ عائد کیا گیا ہے جبکہ ایکسپائرڈ مصنوعات کی فروخت پر ڈیرہ اڈہ میں واقع پاکستان بیکرز کو 15ہزار جرمانہ عائد کیا ہے۔

 ڈی جی فوڈ اتھارٹی رفاقت علی نسوآنہ نے کہا کہ گٹکے کے استعمال سے منہ اور گلے کے کینسر جیسی موذی امراض جنم لیتی ہیں اور  کھلے رنگ اور غیر معیاری فلیورز کا استعمال مختلف بیماریوں کا باعث بنتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خوراک کے نام پر جعلسازی اور دھوکہ دہی کرنے والوں کے خلاف سختی سے نمٹا جائے گا۔