ملتان، 7مارچ(اے پی پی ):جنرل بس اسٹینڈ میں قائم نئی پناہ گاہ کی تزئین و آرائش آخری مراحل میں داخل ہو گئی ہے،مرکزی ہال میں رنگ و روغن کا مکمل کام کر لیا گیا ہے اور ہال میں پنکھے، لائٹس اور وال پر ڈیکوریشن آرٹیکل سجا دئے گئے ہیں، لان میں لگائے جانے والا گرین گراس نے پناہ گاہ کی خوبصورتی میں اضافہ کر دیا ہے،پناہ گاہ کے دیواروں کے ساتھ فلاور باسکٹ لگا دی گئیں۔
ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے پناہ گاہ کا دورہ اور تزئین وآرائش کے کام کا جائزہ لیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی عثمان بزدار کی ہدایت پر پناہ گاہ کو خوبصورت رخ دیا جا رہا ہے اور اس میں بہترین ریسٹ ہاوس کی طرح تمام سہولیات یقینی بنائی جارہی ہیں۔
عامر خٹک نے کہا کہ واش رومز، پینے کا صاف پانی اور سیکیورٹی کے بہترین انتظامات یقینی بنائے جارہے ہیں۔لنگر خانہ قریب ہونے کی وجہ سے پناہ گاہ میں رہائش پذیر بے گھر اور مسافروں کو کھانے کی مفت سہولت دستیاب ہو گی۔انہوں نے بتایا کہ عارضی پناہ گاہ سے بستر اور بیڈز بہت جلد نئی پناہ گا میں شفٹ کر دئے جائیں گے۔