ملتان، 8 مارچ (اے پی پی ):خوراک میں جعلسازی کرنے والوں کے خلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی نے کارروائیاں تیز کر دیں ہیں ،حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر سویٹس یونٹ کو سیل کردیا گیا ۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ باسط سویٹس اینڈ بیکرز کو مس لیبلنگ کرنے پر سیل کیا گیا ہے اور تیار شدہ فوڈ آئٹمز کی دوسرے برانڈز کے نام سے پیکنگ کی جارہی تھی۔انہوں نے کہا کہ مٹھائی اور دیگر مصنوعات کی تیاری میں ملک پاؤڈر کا استعمال بھی کیا گیا ہے اور پروڈکشن ایریا میں واش روم اور انتہائی گندگی پائی گئی ہے۔ایک اور کارروائی میں زائد المعیاد خوراک پائے جانے پر ہوٹل ون بائی پرل کونٹینینٹل کو 20 ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا گیا ہے۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ خوراک میں جعلسازی کرنا ناقابل معافی جرم ہے اور پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ملاوٹ سے پاک پنجاب مہم جاری رہے گی۔











