منیجنگ ڈائریکٹرواساناصراقبال نےبوسیدہ واٹرسپلائی لائنوں کی تبدیلی کےمیگاپراجیکٹ کا معائنہ کیا

21

ملتان، 25 مارچ(اے پی پی): منیجنگ ڈائریکٹر واساناصر اقبال نے کہا ہے کہ ملتان شہر میں بوسیدہ سیوریج لائنوں کی تبدیلی کے ساتھ ساتھ واٹر سپلائی کی پرانی لائنیں تبدیل کرنے کے  میگا پراجیکٹ کا آغاز ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے اس منصوبے کے تحت 1 ارب کی مالیت سے سینکڑوں کلو میٹر طویل پرانی لائنوں کی تبدیلی سے واسا کو درپیش چیلنجز پر قابو پانے میں مدد ملے گی اور بوسیدہ لائنوں کی وجہ سے آئے روز واٹر سپلائی لائنز کے پھٹنے اور مکسنگ کے واقعات پیش آنے کی شکایات بھی ختم ہو جائیں گی۔ انہوں نے میگا پراجیکٹ پر عملدرآمد کے دوران اعلیٰ معیار کو یقینی بنانے اور کام کی رفتار میں تیزی لانے کی ہدایت کی ہے جبکہ  منصوبے  کی ڈیلی پراگریس  بارے واٹر سپلائی ڈویژن اور کنسلٹنٹ کو باقاعدگی کے ساتھ رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز بوسیدہ واٹر سپلائی لائنوں کی تبدیلی کے میگا پراجیکٹ کے معائنہ  کے دوران واٹر سپلائی افسران، کنسلٹنٹ  اور کنٹریکٹرز کو ہدایات دیتے ہوئے کیا ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر مشتاق احمد خان،ڈائریکٹر ورکس شہزاد منیر، ڈپٹی ڈائریکٹر واٹر سپلائی عبدالسلام سمیت دیگر بھی موقع پر موجود تھے۔

ایم ڈی واسا نے تمام واٹر سپلائی افسران کو بوسیدہ لائنوں کی تبدیلی کے منصوبے پر  سپروژن کا عمل تیز کرنے کا حکم دیا انہوں نے ممتازآباد اور طارق آباد  میں نئی واٹر سپلائی لائن ڈالنے کے کاموں کا تفصیلی معائنہ کیا جبکہ پاک گیٹ سے دہلی گیٹ، باغیچی مرزا جان اور دولت گیٹ تک  نئی واٹر سپلائی لائن ڈالنے کے  روٹس کا بھی جائزہ لیا اس دوران  منیجنگ ڈائریکٹر واسا کو بر یفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ممتاز آباد  میں کل 30 ہزار فٹ سے زائد واٹر سپلائی لائنیں ڈالنے کے کام میں سے 4،6،8،12، انچ سائز کی کل 16 ہزار فٹ لائن ڈالنے  کام مکمل ہوچکا ہے جبکہ شمس آباد اور طارق آباد میں بھی اب تک تقریباً 10 ہزار فٹ واٹر سپلائی لائنیں ڈالی جا چکی ہیں اس دوران ایم ڈی واسا نے لیبر کی مزید تعداد بڑھانے کی بھی ہدایت کی انہوں نے اس دوران ڈپٹی ڈائریکٹر واٹر سپلائی کو جاری منصوبوں کے مقامات  پر تمام ضروری حفاظتی انتظامات بھی یقینی بنانے کا حکم دیا۔

انہوں نے شہریوں کو بھی آگاہ کیا ہے کہ واٹر سپلائی مکسنگ کی شکایات کے تدارک کے لئے  اس مرتبہ اعلی کوالٹی کا ایچ ڈی پی ای( HDPE) پلاسٹک پائپ جس کی لائف پچاس سال سے زائد ہے ڈالا جا رہا ہے اور شہر کے جن علاقوں میں یہ نئی لائنیں ڈالی جا رہی ہیں یہ سکیم مکمل ہونے کے بعد پرانی بوسیدہ لائنوں کو بند کر دیا جائے گا  لہذا شہری کسی بھی قسم کی پریشانی سے بچنے کے لیے جن علاقوں میں نئی لائنیں ڈالی جا رہی ہیں وہاں اپنا واٹر سپلائی کنکشن جلد از جلد حاصل کرلیں تا کہ وہ بعد میں کسی بھی قسم کی پریشانی سے بچ سکیں ایم ڈی واسا نے نے اس دوران کڑی داؤد خان  میں کراؤن فیلیئر کے مقام کا بھی معائنہ کیا اور حسن پروانہ سیوریج سب ڈویژن کو کراؤن فیلیئر کی مرمت کا کام ہنگامی بنیادوں پر شروع کرنے اور اہل علاقہ کو عارضی ریلیف کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت بھی کی۔