نئی مشینری کی خریداری اور ہیومن ریسورس کی بھرتی کے پلان کو سٹڈی کرنے کی ضرورت ہے۔ڈپٹی کمشنر

109

ملتان ۔30مارچ  (اے پی پی):مدینة الاولیا ملتان میں صفائی کی صورتحال مزید بہتر بنانے کے لئے پارلیمنٹیرین کی مشاورت سے اہم فیصلے کر لئے گئے ہیں۔ڈپٹی کمشنر علی شہزاد کی زیرصدارت اجلاس میں منتخب نمائندوں اور ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے افسران نے شرکت کی۔اس اہم اجلاس میں ممبران صوبائی اسمبلی وسیم خان بادوزئی،جاویر اختر انصاری،سبین گل اور سلیم لابر،پی ٹی آئی سٹی کے صدر عمران ڈوگر،شاہد مظفر،ملک روف ،رانا شمشاد،ایم ڈی ویسٹ منیجمنٹ کمپنی فخرالاسلام ڈوگر اور کمپنی کے تمام منیجرز نے شرکت کی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کمپنی کی کارکردگی بڑھانے کے لئے موجود وسائل کو منظم طریقے سے استعمال میں لایا جائے گا،کمپنی کی آمدنی میں اضافہ کرنے کے لئے ریونیو جنریشن پلان تیار کیا جائے گا،نئی مشینری کی خریداری اور نئے ورکرز کی بھرتی کے حوالے سے مزید مشاورت کی جائے گی اور ممبران اسمبلی سے ہر حلقے میں ورکرز اور مشینری کا ڈپلائمنٹ پلان شئیر کیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نئی مشینری کی خریداری اور ہیومن ریسورس کی بھرتی کے پلان کو سٹڈی کرنے کی ضرورت ہے۔کمپنی کے مالی استحکام کے لئے آمدنی اور اخراجات میں توازن برقرار رکھنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ کمپنی کو اپنے ذرائع آمدن بڑھانے ہونگے جس کے لئے ریونیو جنریشن پلان لاگو کرنا ہو گا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت پنجاب نے صوبہ کی تمام ویسٹ منیجمنٹ کمپنیوں کو ریونیو جنریشن ماڈل تیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔اس حوالے سے کمپنی کی آمدنی بڑھانے کے لئے گھریلو یونٹ پر کم اور کمرشل اور انڈسٹریل یونٹس پر زیادہ فیس وصول کرنے کا ماڈل تیار کیا جائے۔ہسپتالوں ،میرج ہالز، پٹرول پمپس، ہوٹلوں اور بڑے تعلیمی اداروں سے صفائی کی فیس وصول کی جائے۔اس کے علاوہ فیس وصولی کے حوالے سے ہوٹلوں،ہسپتالوں اور تعلیمی اداروں کی درجہ بندی کی جائے اور پرائیویٹ ہاوسنگ کالونیوں سے بھی صفائی کے چارجز وصول کئے جائیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ملتان وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا دوسرا گھر ہے،ممبر صوبائی اسمبلی وسیم خان بادوزئی نے کہا کہ ویسٹ اٹھانے والے لوڈر رکشوں کی کارکردگی بڑھانے کی ضرورت ہے۔اس کے علاوہ ورکنگ کے حوالے سے لوڈر رکشوں کی بھر پور مانیٹرنگ کا طریقہ اختیار کیا جائے۔جاویداخترانصاری ایم پی اے نے کہا کہ شہر کی ہر گلی اور محلے سے ویسٹ روزانہ کی بنیاد پر اٹھایا جائے۔ ایم پی اے ملک سلیم لابر نے کہا کہ شہر میں شامل ہونیوالی نئی یونین کونسلوں میں صفائی کا ریگولر انتظام کیا جائے۔ ایم پی اے سبین گل نے کہا کہ خوبصورت اور صاف ستھرا ملتان ہر شہری کی خواہش ہے۔پی ٹی آئی سٹی کے صدر ملک عمران ڈوگر نے کہا کہ شہر میں روزانہ پیدا ہونے والا تمام کوڑا نہیں اٹھایا جارہا جس سے صفائی کے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔کمپنی کی استعداد بڑھانے کے لئے مشینری خریدنے اور ورکرز بھرتی کرنے کی ضرورت ہے۔ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے ایم ڈی فخرالاسلام ڈوگر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 135گاڑیاں کمپنی کی ملکیت ہیں۔کمپنی کے پاس 2083 ورکرز ہیں اور کمپنی کو مزید 1370ورکرز،135ڈرائیورز، 70 ہیلپرز اور210 لاری بیلدار کی ضرورت ہے۔اس کے علاوہ کمپنی کو صفائی کا نظام بہتر بنانے کے نئی گاڑیوں کی اشد ضرورت ہے۔انہوں نے بتایا کہ کمپنی کے پاس حبیبہ سیال میں 13ایکڑ اور لابر موڑ میں 35ایکڑ لینڈ فل سائیٹ موجود ہے۔

فاروق/کاشف