واشنگٹن ڈی سی،13 مارچ(اے پی پی): پاکستانی سفارتخانہ کے زیر اہتمام جین ٹو پی کے(Gen2PK ) میں سرمایہ کاری کے موضوع پر ورچوئل پاکستانی امریکن یوتھ کنونشن 2021 کا انعقاد کیا گیا۔
کنونشن سے خطاب میں مقررین نے پاک امریکہ تعلقات کو مضبوط اور مستحکم کرنےمیں پاکستانی -امریکی نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔
مقررین نے نئی پاکستانی امریکی نسل پر زور دیا کہ وہ اپنے مقاصد کے حصول کے لئے سخت محنت اور جذبے سے کام کریں۔
پاکستانی سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان نے کنونشن کے مقاصد اور (Gen2PK) کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ یوتھ کنونشن جیسے پلیٹ فارمز نئی پاکستانی امریکی نسل کے پاکستان سے روابط کو مضبوط کرنے میں نہایت اہمیت کے حامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاک امریکہ پارٹنرشپ کی کامیابی میں نئی پاکستانی امریکی نسل کا کلیدی کردار ہے۔
ڈاکٹر اسد مجید خان نے کہا کہ یوتھ کنونشن کے انعقاد سے نئی پاکستانی امریکی نسل کے پاکستان کی تاریخ اور ثقافتی ورثے سے روابط پیدا ہوں گے۔
کنونشن کے اختتام پر شرکاء نے نوجوانوں کے سوالات کےجوابات بھی دیئے۔
سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان نے اپنے اختتامی کلمات میں تمام شرکا کا شکریہ ادا کیا اور کہاکہ سفارتخانہ آئندہ بھی باقاعدگی سے یوتھ کیلئے شمولیتی پلیٹ فارمز کا انعقاد جاری رکھے گا۔
کنونشن میں صدر اے پی پی این اے ڈاکٹر رضوان خالد ، صدر اوپن گلوبل معظم چوہدری، چیئرمین اے پی ایف ڈاکٹر ناصر قریشی ،کونسل ممبر سٹی سان ریمون سبینہ ظفر اور بوسٹن یونیورسٹی سے پروفیسر ڈاکٹر عادل نجم بھی شریک تھے۔











