وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان کی زیر صدارت سولر سالٹ منصوبے کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا

43

کوئٹہ،24 مارچ(اے پی پی): وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں حب سالٹ کمپنی کی جانب سے سولر سالٹ منصوبے سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو حب سالٹ کمپنی کے اسماعیل ستار نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ دنیا میں اس وقت 330 ملین ٹن نمک کی ڈیمانڈ ہے۔میکسیکو اس وقت دنیا میں سب سے زیادہ نمک پرڈیوس کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بلوچستان کے علاقے ھور کلمت کوسٹ پر بڑے پیمانے پر سولر سالٹ پروڈیوس کیا جا سکتا ہے۔یہاں اعلیٰ کوالٹی کا نمک موجود ہے۔ بلوچستان میں نمک انڈسٹری کے قیام سے 15سو سے زائد افراد کو روزگار کے مواقع بھی میسر آئیں گے۔اس موقع پر وزیر اعلی بلوچستان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی نے بلوچستان کو بے پناہ قدرتی وسائل سے نوازا ہے۔ یہاں بڑے پیمانے پر فلیٹ لینڈ موجود ہے جو نمک کی پیداوار کے لئے آئیڈیل ہے۔ انہوں نے کہا کہ معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے دو کمپنیوں کا قیام عمل لایا گیا ہے جس سے اس شعبے کی ترقی اور سرمایہ کاری میں مدد ملے گی۔ وزیر اعلی کہا کہ سالٹ انڈسٹری کے فروغ کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔ وزیراعلی نے کہا کہ ہماری حکومت بلوچستان میں انویسٹرز کو تمام سہولیات مہیا کرنے کے لیے پر عزم ہے۔اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری منصوبہ بندی و ترقیات، وزیراعلی کے پرنسپل سیکرٹری، سیکرٹری معدنیات، سیکرٹری انڈسٹریز، سیکرٹری اطلاعات ودیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔