وزیر خارجہ  نویں “ہارٹ آف ایشیا – استنبول پراسیس ” کانفرنس میں شرکت کیلئے تین روزہ دورے پر تاجکستان روانہ

27

اسلام آباد، 29 مارچ (اے پی پی ):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی وفد کے ہمراہ دوشنبے، تاجکستان میں منعقدہ نویں “ہارٹ آف ایشیاء-استنبول پراسیس”(ایچ اواے آئی پی) وزارتی کانفرنس میں شرکت کیلئے تین روزہ دورے پر تاجکستان روانہ ہو گئے۔

وزیر خارجہ دوشنبے میں منعقدہ نویں “ہارٹ آف ایشیا – استنبول پراسیس ” کانفرنس میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے۔اس نویں  کانفرنس کا عنوان “امن و ترقی کے لئے اتفاق رائے کو مضبوط بنانا” ہے۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اس وزارتی کانفرنس میں خصوصی خطاب کریں گے،وزیر خارجہ اپنے خطاب میں افغان عمل میں پاکستان کی مثبت کاوشوں اور علاقائی فریم ورک کے اندر افغانستان کی ترقی اور روابط کے لئے حمایت کو اجاگر کریں گے۔

 تاجکستان کے دورے کے دوران وزیر خارجہ  مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ، بالخصوص تاجک ہم منصب و دیگر تاجک قیادت کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتیں  کریں گے۔ان ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات، مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ ،علاقائی سلامتی سمیت باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تبادلہ خیال کریں گے ۔

واضح رہے کہ “ہارٹ آف ایشیائی۔استنبول پراسیس” 2011 میں شروع کیاگیا تھا۔ یہ علاقائی تعاون اعتماد سازی کے اقدامات (سی۔بی۔ایمز) اور بات چیت کے ذریعے افغانستان میں امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کا ایک اہم پلیٹ فارم سمجھا جاتا ہے۔

توقع ہے کہ وزیر خارجہ کا یہ دورہ ء تاجکستان ،دونوں ممالک کے مابین تاریخي ، ثقافتی اور تمدنی اقدار کی بنیاد پر استوار دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور خطے میں قیام امن کیلئے کاوشوں کے فروغ کے حوالے سے معاون ثابت ہوگا۔