لاہور، 15 مارچ (اے پی پی): وزیر خزانہ پنجاب مخدوم ہاشم جواں بخت نے ایکسپو سینٹر لاہور کا دورہ کیا۔صوبائی وزیر نے ایکسپو سینٹر میں کرونا وائرس سے تحفظ کے لیے ویکسینیشن یونٹس کا جائزہ لیااور ویکسینیشن کے لیے آ ئے بزرگ افراد سے حکومت کی جانب سے فراہم کردہ سہولیات بارے بات چیت کی ۔بزرگ افراد نےایکسپو سینٹر میں ویکسینیشن کے عمل پر اطمینان کا اظہار کیا۔
اس موقع پر صوبائی وزیر خزانہ پنجاب مخدوم ہاشم جواں بخت نے کہا کہ کرونا وائرس کی تیسری لہر سے کامیاب تحفظ کے لیے ضروری ہے کہ لوگ ویکسینیشن کی سہولت سے استفادہ کریں احتیاطی تدابیر پر عمل کریں اور صحت مند طرز زندگی اپنائیں ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ڈاکٹرز اور 60سال سے زائد عمر کے افراد کی پہلے ویکسینیشن کا فیصلہ سب سے زیادہ ضرورت کی بنیاد پر کیا گیا ہے،آئندہ گروپس کا انتخاب بھی اسی بنیاد پر کیا جائے گا۔
صوبائی وزیر خزانہ پنجاب مخدوم ہاشم جواں بخت نے کہا کہ ایکسپو سینٹر میں پنجاب حکومت کی جانب سے صاف ستھرے اور محفوظ ماحول میں ویکسینیشن کی جا رہی ہے، ویکسینیشن کے لیے مقررہ معیاد پر سختی سے عمل درآمد کروایا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن کا فیصلہ خوشی سے نہیں کیا جاتا معاشی سرگرمیوں کی بندش صرف عوام ہی نہیں حکومت کے لیے بھی امتحان ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام سے اپیل ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں ۔











