وفاقی دارالحکومت اور پنجاب کے 9 اضلاع میں 11 اپریل تک تعلیمی ادارے بند رہیں گے :وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود

30

 

اسلام آباد،24مارچ  (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تعلیم  و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود نے کہاہے کہ  وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور پنجاب کے 9 اضلاع میں 11 اپریل تک تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنل سنٹر میں وزرائے تعلیم کے کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں وفاقی وزیر نے کہا کہ  اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا ہے کہ جن شہروں  میں تعلیمی اداروں کو کورونا وائرس کے پیش نظر بند کیا گیا تھا وہ اب 11 اپریل تک بند رہیں۔ انہوں نے کہا کہ  ان اضلاع کے علاوہ  اگر کسی ضلع میں کورونا کیسز میں  اضافہ ہوتا ہے تو وہ  صوبائی حکومت کی صوابدید ہو گی۔

شفقت محمود نے کہا کہ این سی او سی کے اجلاس میں بورڈز کے امتحانات کے حوالے سے  بھی یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ نویں، دسویں، گیارہویں اور بارہویں  جماعت کے امتحانات صوبائی حکومتوں اور بورڈز کے اعلان کردہ شیڈول کے مطابق ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم بیماری کی صورتحال کا جائزہ لیتے رہیں گے اور ہمیں اس بات کا مکمل ادراک ہے کہ بچوں کی تعلیم کا نقصان  ہو رہا ہے لیکن بچوں کی صحت اولین ترجیح ہے۔

وفاقی وزیر برائے تعلیم  و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود نے کہا کہ ملک بھر میں جن جن اضلاع اور شہروں میں تعلیمی ادارے بند کئے جائیں گے اس کا فیصلہ صوبائی حکومتیں ، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی حکومت خود کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل این سی اوسی نے مخصوص اضلاع میں 15 مارچ سے 28 مارچ تک سکولوں سمیت ہر قسم کے تعلیمی اداروں کا بند رکھنے کا فیصلہ گیا تھا تاہم آج ہونے والے اجلاس میں تمام چیزوں کا جائزہ لینے کے بعد فیصلہ کیا گیاکہ تعلیمی ادارے مزید11 اپریل تک بند رہیں گے اور ان مخصوص اضلاع کے علاوہ دیگر علاقوں کو بھی شامل کیا جا سکتا ہے۔