وہاڑی؛حالیہ بارشوں سے گندم کی ہزاروں ایکٹر فصل کو شدید نقصان،حکومتی پالیسی کے تحت کسانوں کو ریلیف دیا جائے گا

60

وہاڑی،25مارچ(اے پی پی):ضلع وہاڑی سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں حالیہ طوفانی  بارشوں اور ژالہ باری سے ہزاروں ایکٹر تیار فصل کو شدید نقصان پہنچا ہے جس سے گندم کی مجموعی پیداوار میں بھی کمی کا اندیشہ پیدا ہوگیا ہے، گندم کی فصل متاثر ہونے سے کسانوں کو بھی شدید مالی نقصان اٹھانا پڑے گا۔

 اس صورتحال میں محکمہ زراعت کے ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت رانا محمد عارف کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے بے وقت ہونیوالی بارشیں نقصان کا باعث بن رہی ہیں، ان حالیہ بارشوں اور طوفان نے گندم کی فصل کو بہت زیادہ متاثر کیا ہے جس پر محکمہ زراعت کا فیلڈ عملہ موجودہ پیدا شدہ صورتحال کا جائزہ لے رہا ہے اور متاثرہ علاقوں میں کسانوں کے نقصان کے ازالہ کے لئے تخمینہ لگا کر حکومت کو اسکی رپورٹ ارسال کی جائے گی جسکی روشنی میں حکومتی پالیسی کے مطابق کسانوں کو امداد یا ریلیف فراہم کیا جائے گا۔