پاکستان امن و سلامتی اور پائیدار اقتصادی ترقی کی راہ پر گامزن ہے؛ امریکہ  میں  پاکستانی سفیر اسد مجید خان

35

وشنگٹن  ڈی سی ،23 مارچ(اے پی پی ):امریکہ  میں  پاکستان کے سفیر اسد مجید خان نے کہا کہ  پاکستان امن و سلامتی اور پائیدار اقتصادی ترقی کی راہ پر گامزن ملک ہے،پاکستان میں  عوام کی صلاحیتوں ،قدرتی وسائل  اورجغرافیاتی محل و قوع  سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اسے  خطے کا تجارتی مرکز بنانے کیلئے بھرپور توجہ دی جارہی ہے۔

یوم پاکستان کے موقع پر امریکہ میں پاکستانی سفارتخانے کے زیر اہتمام ورچوئل تقریب سے خطاب میں پاکستان کے سفیر اسد مجید خان نے کہا کہ ہندوستان کی طرف ، پاکستان کی پرامن پیشرفتوں پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ بھارت خطے میں قیام امن کے لئے سنجیدگی کا مظاہرہ کرے اور جموں و کشمیر کے بنیادی تنازعہ سمیت تمام بقایا امور پر بامقصد بات چیت کے قابل ماحول پیدا کرے۔

پاکستان کے سفیر نے افغانستان  میں قیام امن کیلئے افغانوں کی قیادت میں اور افغانوں پر مشتمل سیاسی تصفیے کی ضرورت پر زور دیا۔

پاک امریکہ تعلقات پر بات کرتے ہوئے  اسد مجید خان نے کہا کہ پاکستان نئی انتظامیہ کے ساتھ وسیع البنیاد اور پائیدار شراکت قائم کرنے کا منتظر ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے مابین کاروباری روابط کے لئے کاروبار کو فروغ دے کر تجارتی اور کاروباری تعلقات کو مزید فروغ دینے پر زور دیا۔

امریکی محکمہ خارجہ کے کونسلر اور سیکرٹری خارجہ کے سینئر مشیر ڈیریک چوللیٹ نے  پاکستان کے قومی دن پر سیکریٹری خارجہ اور امریکی عوام کی جانب سے مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ امریکی حکومت  افغان مسئلے  کے خاتمے، دہشت گردی کو شکست دینے  اورمشترکہ چیلنجوں سے نمٹنے سمیت  دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری  کو وسعت دینے کا خواہاں ہے۔

سینیٹر کرس وان ہولن نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکہ کے عوام نے قائداعظم محمد علی جناح کے تصور کردہ اخوت ، مساوات اور آزادی کے اصولوں کے مشترکہ خواہشات رکھتے ہیں۔ سینیٹر ہولن نے اقتصادی ترقی اور خوشحالی کے خطے کے طویل مدتی استحکام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ امریکی سینیٹ میں دو طرفہ قانون سازی کریں گے جو امریکہ ، پاکستان اور افغانستان کے لئے تجارتی اور معاشی مواقع مہیا کرے گا۔