راولپنڈی،26مارچ (اے پی پی):پاکستان نے زمین سے زمین تک مار کرنے والے شاہین ون اے بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے، شاہین ون اے بیلسٹک میزائل 900 کلو میٹر تک ہدف کو کامیابی کے ساتھ نشانہ بنا سکتا ہے، میزائل تجربے کا مقصد ویپن سسٹم کے مختلف ڈیزائن اور تکنیکی پیرا میٹرز کو دیکھنا تھا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق ڈائریکٹر جنرل اسٹریٹجک پلانز ڈویژن لیفٹیننٹ جنرل ندیم ذکی مانج ، چیئرمین نیسکام ڈائریکٹر ، ڈاکٹر رضا ثمر ، کمانڈر آرمی سٹرٹیجک فورسز کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل محمد علی، سائنسدانوں اور انجینئرزنے میزائل تجربے کا مشاہدہ کیا۔
ڈائریکٹر جنرل اسٹریٹجک پلانز ڈویژن نے سائنسدانوں اور انجینئرز کو اس کامیاب تجربے کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے سائنس دانوں اور انجینئرز کی تکنیکی صلاحیت ، لگن اور عزم کی تعریف کی، جنھوں نے میزائل لانچ کو کامیاب بنانے میں پوری لگن سے تعاون کیا۔
صدر ، وزیر اعظم ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے سائنسدانوں اور انجینئرز کو آج کے میزائل تجربے کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی