پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان کی سربراہ پاک بحریہ سے الوادعی ملاقات

77

اسلام آباد،یکم مارچ  (اے پی پی):پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے سربراہ پاک بحریہ سے پیر کو یہاں   الوادعی ملاقات کی ہے ، نیول ہیڈ کوارٹرز آمد پر امیر البحر نے ایئر چیف کا استقبال کیا۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ معزز مہمان نے نیول ہیڈ کوارٹرز میں یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔

 پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے پاک فضائیہ کیلئے ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان کی خدمات کوخراج تحسین پیش کیا۔

نیول چیف نے ملکی سمندری سرحدوں کے دفاع میں پاک بحریہ کی معاونت اور مسلح افواج کے مابین ہم آہنگی کے فروغ کیلئے ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان کی کاوشوں کو سراہا۔ ایئر چیف نے پیشہ وارانہ امور میں پاک بحریہ کے بھر پور تعاون کی تعریف کی اور نیک خواہشات کے اظہار پر نیول چیف کا شکریہ ادا کیا۔