پریس گیلری پارلیمنٹ کا اہم جزو ہےصحافی برادری کے مسائل کو حل کرنا پارلیمنٹ کی ذمہ داری ہے؛ اسپیکر قومی اسمبلی

54

اسلام آباد ، 9مارچ (اے پی پی ):اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ  پریس گیلری پارلیمنٹ کا اہم جزوہے ۔انہوں نے کہا کہ ملک کا مثبت تشخص اُجاگر کرانے اور گورننس کو بہتر بنانے میں میڈیا کا مثبت کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔انہوں نے کہا کہ صحافی برادری کو پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے انجام دہی  میں درپیش مسائل کو حل کرنا پارلیمنٹ کی ذمہ داری ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں  نے منگل کے روز چیئر مین سینٹ صادق سنجرانی کے ہمراہ پارلیمنٹ ہاوس کے احاطے میں میڈیا سینٹر کے افتتاح کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے پارلیمانی صحافیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے یقین دلایا کہ پارلیمانی صحافیوں کی دیگر تجاویز بشمول پریس گیلری کی وسعت، جدید ٹیکنالوجی کی فراہمی کو مزید بہتر کیا جائے گا تا کہ صحافی برادری اپنی پیشہ وارانہ سرگرمیاں کو موثر انداز میں سرانجام دیں سکیں۔انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کو احکامات جاری کر دیے گئے ہیں کہ وہ پریس گیلری میں پارلیمانی صحافیوں کی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو بہتر انداز میں سر انجام دینے  کے لیے سہولیات مہیا کریں۔

صحافی کے ایک سوال کے جواب  اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ اپوزیشن  وزیراعظم کا ایوان سے اعتماد کے ووٹ حاصل کرنے پر عوام میں منفی پروپیگنڈا بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا وزیر اعظم کے اعتماد کے ووٹ میں پریس گیلری میں پورے ملک کے میڈیا  کی موجودگی میں اعتماد کے ووٹ کا غلط عداد و شمار پیش کرنے کی باتیں کرنا آئین اور قانون کا مذاق اُڑانے کے مترادف ہے۔انہوں نے کہا کہ جمہورت  کے استحکام  اور سیاست میں عدم براداشت اور تلخی کو کم کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہوں گا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے ساتھ پیش آنے والے معاملے کی مذمت کی ہے اور اس سلسلے میں ایک کمیٹی تشکیل دی جا رہی ہے جو پارلیمنٹ کے اندر اور باہر سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کے ساتھ پیش آنے والے معاملات کا جائزہ لے گی۔

 اس موقع پر چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جمہوری نظام میں میڈیا کا کردار انتہائی اہم ہے آزادی اظہار رائے کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھایا جا رہا ہے۔ آزاد میڈیا کی بدولت عوام کو حقیقت پر مبنی معلومات میسرہوتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ میڈیا کو ریاست کاچوتھا ستون کہا جاتا ہے۔ انہوں نے میڈیا پرسن کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں میڈیا کی آزادی کیلئے میسر قانون سازی کے ساتھ ساتھ سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات اٹھائے گئے ہیں میڈیا پرسنز کو بہترین ماحول فراہم کیا جا رہا ہے تا کہ عوام کو معلومات کی بہتر فراہمی ممکن ہو سکے۔ پی آر اے کی درخواست پر میڈیا سینٹر بنایا گیا ہے اور میڈیا پرسن کے دیگر مسائل کو بھی موثر انداز میں حل کیا جائے گا اور ہر ممکن سہولت فراہم کی جائیں گئیں۔

 افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پی آر اے کے صدر بہزادسلیمی نے چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی اور سپیکر قومی اسمبلی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا کے لئے جو سہولیات فراہم کی گئی ہیں اُس سے فرائض کی ادائیگی میں نمایاں بہتری آئے گی۔ انہوں نے چیئرمین سینیٹ اور سپیکر قومی اسمبلی سے درخواست کی کہ میڈیا پرسن کو ایوان کے اندر ٹی وی کیمرہ لے جانے کی اجازت دی جائے جس پر چیئرمین سینیٹ اور سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ اس بات کا فیصلہ پارلیمانی لیڈروں سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔ دونوں رہنماؤں نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کو مستحکم کرنا اور پارلیمنٹ کی بالا دستی کو مزید فعال بنانے کیلئے ہم سب نے اپنا کردار ادا کرنا ہے اور اس حوالے سے اقدامات بھی اٹھانے ہیں اور ایک دوسرے کی عزت کا بھی خیال رکھنا ہے۔ ہمارا مقصد پارلیمنٹ کو مضبوط اور مزید بالا دست بنانا ہے۔ جمہوریت کیلئے آزاد میڈیا بنیادی شرط ہے۔ تقریب کے اختتام پر پی آر اے کی طرف سے چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی اور سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو شیلڈ بھی پیش کی گئی۔