کوئٹہ،13 مارچ (اے پی پی): وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ پچھلی حکومتوں نے بلوچستان کو مکمل طور پر نظر انداز کردیا تھا،وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق وفاقی وزراء سمیت تمام سیکرٹریز ہر مہینے بلوچستان کا دورہ کرینگے جس سے یہاں کی احساس محرومیاں ختم ہونگی،پاکستان میں 10 ارب درخت لگانے کے منصوبے پر کام کررہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ملک امین اسلم نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی سے پاکستان پر منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں جبکہ بلوچستان میں قحط کا خدشہ پیدا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ 2023 تک 10 کروڑ درخت لگانے کا منصوبہ ہے،کوئٹہ میں دوہزار رقبے پر درخت لگائے جائیں گئے، شجر کاری کے اس منصوبے سے لوگوں کو بہتر روزگار فراہم ہوگا۔
ملک امین اسلم نے کہا کہ بلوچستان میں مزید ڈیمز اورنیشنل پارکس ٹریننگ اکیڈمی کے قیام کی اشد ضرورت ہے، وزیراعظم نے وفاقی وزراء کو بلوچستان کے دورے کرنے کی ہدایت کی ہے جس سے بلوچستان کی محرومیوں کا ازالہ ممکن ہوگا۔انہوں نے کہا کہ قحط سالی کے خاتمے کےلئے حکومت تمام وسائل بروئے کار لائے گی ۔