پی ایم ایس اے اور کسٹم انٹیلی جنس کی  مشترکہ  کارروائی ، منشیات برآمد ، پانچ غیرملکی سمگلر گرفتار

82

کراچی،4مارچ  (اے پی پی):پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی (پی ایم ایس اے ) کے ڈپٹی ڈائریکٹرجنرل کمانڈرفیصل صادق نے کہا ہے کہ پی ایم ایس اے اور کسٹم انٹیلی جنس نے کھلے سمندر میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کشتی سے 2ہزار 40 کلوگرام حشیش برآمد کرکے 5 غیرملکی سمگلر کو گرفتار کیا ہے ۔

 یہ بات انہوں نے جمعرات کو پی ایم ایس اے ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ ڈپٹی ڈائریکٹرجنرل کمانڈرفیصل صادق نے کہا ہے کہ برآمد کی گئی منشیات کی قیمت تقریبا 816 ملین روپے ہے ۔ انہوں نے کہا کہ برآمد شدہ منشیات اور گرفتار ملزمان کو مزید قانونی کارروائی اور تفتیش کے لئے کسٹم حکام کے حوالے کردیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ  پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی اور کسٹم انٹیلی جنس کا منشیات کے خلاف کامیاب آپریشن اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم چوکس ہیں اور کسی بھی غیر قانونی سرگرمی اور مقاصد کے لئے پاکستانی سمندری حدود کے استعمال کو روکنے کے لئے پرعزم ہیں ۔