پی ڈی ایم اپنی سیاست بچانے کیلئے پاکستان کے خلاف نعرے نہ لگائے، آپکی سیاست ختم ہو جائے گی لیکن پاکستان قائم رہے گا؛وفاقی وزیرمراد سعید

61

اسلام آباد،13مارچ  (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید نے کہا کہ ن لیگ کی پریس کانفرنس میں عوام کی دل آزاری ہوئی اپنی سیاست چمکانے کے لیے پی ڈی ایم نے اداروں کو نشانہ بنایا، خدا کیلئے اپنی سیاست بچانے کیلئے پاکستان کے خلاف نعرے نہ لگائیں آپکی سیاست ختم ہو جائے گی لیکن پاکستان قائم رہے گا، پی ڈی ایم کے  قیام کے بعد اپوزیشن کو  ہر محاذ پرشکست کا سامنا کرنا پڑا اور تحریک انصاف چاروں صوبوں کی نمائندہ جماعت بن گئی ہے، عوام نےاپوزیشن کو  مسترد کر دیا، پاکستان کا نظریہ سب سے پہلے ہے، قوم کا لوٹا ہوا پیسہ واپس لائیں گے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں پی آئی ڈی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ سب سے پہلے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب پر پارٹی کارکنون اور قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں یہ کامیابی وزیر اعظم عمران خان  کے بیانیے کی کامیابی ہے وزیر اعظم نے کہا تھا کہ اوپن بیلٹ کے لئے قانون سازی  کر کے  ہارس ٹریڈنگ کا خاتمہ کرتے ہیں اس کے لئے ہم سپریم کورٹ بھی گئے لیکن پی ڈی  ایم نے اوپن بیلٹ کی بھرپور  مخالفت کی  اور آج یہ لوگ  مسترد ووٹوں پر سیاست  اور ٹی وی ٹی وی کھیلنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب قومی اسمبلی میں ووٹ مسترد ہوئے تو ان لوگوں نے کہا کہ یہ  جمہوریت کا حسن ہے اور آج سینٹ میں ووٹ مسترد ہوئے تو یہ لوگ  اداروں پر الزام اور تہمت بازی کر رہے ہیںِ  لیکن  اب یہ  دوہرا معیار نہیں چلے گا۔ اپوزیشن کے قول و فعل کے تضاد پر اب سوال ہوگا، قوم آپ کو اور اپ کی بد عنوانی، لوٹ مار اور کرپشن سے واقف ہے۔

 مراد سعید نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے غریب عوام کے لئے احساس پروگرام شروع کیا ، صحت انقلاب کے تحت  ہیلتھ انشورنس شروع کی گئی خیبر پختونخوا میں  100 فیصد کوریج ہو چکی ، دیگر پسماندہ علاقوں میں بھی یہ پروگرام شروع ہو چکا ہے اور اس کا دائرہ کار ملک بھر میں پھیلے گا۔انہوں نے کہا کہ یہ ہے وہ ریاست مدینہ کا وژن  جس کی جانب وزیر اعظم عمران خان بڑھ رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ یہ وہ اقدامات ہیں جو اس ملک کے غریب عوام کے لئے ہیں جن پر ماضی میں کسی نے توجہ نہیں دی، اپوزیشن کا آج بھی شور اور واویلا اپنی کرپشن بچانے کے لئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکمران ملکی  معیشت آئی سی میں وینٹی لیٹر پر چھوڑ گئے تھے لیکن آج الحمداللہ معیشت درست سمت  پر گامزن ہو گئی ہے جس کا عالمی ادارے بھی اعتراف کر رہے ہیں۔

 وفاقی وزیر نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے تحریک انصاف سینیٹ میں اکثریتی جماعت کے طور پر سامنے آئی ہے ، ہم انشااللہ سینیٹ مین بہتر انداز میں قانون سازی کریں گے اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کا آغاز ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ وہ اقدامات اور اچھی خبریں ہیں جنہیں میڈیا کو دکھانا چاہیئے، آج میڈیا  کے لئے یہ بڑی خبر نہیں کہ  دو سو چھیاسی ارب کا خسارہ کم ہو کر آدھا ہوگیا ہے، میڈیا سے ہمدردانہ گزارش ہے کہ پی ڈی ایم کے سیاسی سرکس کو انٹر ٹینمنٹ پر منتقل کردیں۔ انہوں نے کہا کہ کل کی اپوزیشن کی پریس کانفرنس سن کر عوام کی دل آزاری ہوئی ہے جس کی ہم مذمت کرتے ہیں۔ پی ڈی ایم نے اپنی سیاست چمکانے کےلئے اداروں کو نشانہ بنایا۔پی ڈی ایم کو اپنے قیام کے بعد ہر محاذ پر شکست  کا سامنا کرنا پڑا اورتحریک انصاف چاروں صوبوں کی نمائندہ  جماعت بن گئی ہے۔