نوشہرہ ورکاں،02 مارچ ( اے پی پی): ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ سہیل اشرف نے غیرحاضر اور اپنی ڈیوٹی احسن طریقہ سے انجام نہ دینے والے افسران کے خلاف کارروائی کی ٹھان لی، اس سلسلہ میں مختلف محکموں کے سربراہوں کی حاضری رپورٹ طلب کی تاکہ اپنے متعلقہ دفتروں سے غیر حاضر رہنے والے افسران کے خلاف کارروائی کی جاسکے۔
اسسٹنٹ کمشنر نوشہرہ ورکاں راشد اقبال نے فروری میں مشاہدہ کے مطابق ڈپٹی کمشنر کو رپورٹ ارسال کردی، فروری کے مہینہ میں ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر میل عبدالمجید، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر فی میل حنا اقبال،ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر لائیو سٹاک ڈاکٹر عبدالستار، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ آصف جاوید، ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر پاپولیشن ویلفیئرآسما ظفر صرف دو دن جبکہ چیف آفیسر میونسپل کمیٹی نوشہرہ ورکاں صرف8دن دفتر حاضر ہوئے۔
اسسٹنٹ کمشنر نے کہا ہے کہ افسران عوام کے ٹیکس سے تنخواہ لیتے ہیں مگر عوام کو سہولتیں فراہم کرنے میں ناکام ہیں انکی غیرحاضری کی وجہ سے متعلقہ محکموں کے ملازمین اور سائل بُری طرح متاثر ہورہے ہیں اور بروقت حاضر نہ ہونے اور سائلوں کے مسائل حل نہ کرنے والے افسران کسی رعایت کے مستحق نہیں،ڈپٹی کمشنرگوجرانوالہ کو غیر حاضر آفسران کے خلاف باضابطہ کاروائی کی سفارش کی ہے انہوں نے کہاکہ حکومتی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے عوامی مسائل کا حل ہماری ذمہ داری ہے جس پر ہرممکن عمل کیاجارہا ہے۔