لاہور،27 مارچ(اے پی پی): وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم اب ختم ہوچکیہے،عوام ان کی دھینگا مشتی دیکھ رہے ہیں، استعفوں کی نہیںاب اصلاحات کی سیاست ہوگی، تمام جماعتوں سے الگ الگ رابطہ کریں گے،فوج اور دیگر ریاستی اداروںپر تنقید کر کے اپوزیشن نے اپنی ہی سیاست خراب کی، اپوزیشن کو اب اپنی سیاست پر نظر ثانی کی ضرورت ہے،سابقہ حکمرانوں کے لگائے گئے مہنگے بجلی کے منصوبوں کی وجہ سے آج بجلی مہنگی مل رہی ہے،کسی بھی معیشت کیلئے سیمی کنڈکٹر اور مائیکرو الیکٹرونکس ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے،آج لیمپرو میلن اور پی سی ایس آئی آر میں ہونے والا معاہدہ بھی اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے جس میں لیمپرو میلن ہمارے انجینئرز کو موبائل سمز،چپ،کمپیوٹر آلات میں تربیت دینگے جس سے دنیا بھر کی بڑی بڑی کمپنیاں ہم سے رابطہ کریں گی اور یہ ٹیکنالوجی کی صنعت میں ایک بڑی خبر ہے، ہفتہ کے روز پی سی ایس آئی آر میں لیمپرو میلن کے ساتھ ایم او یو سائن کرنے کی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے کہا۔
وفاقی وزیر چوہدری فواد حسین نے کہا کہ وزیراعظم نے پہلے ہی الیکشن اصلاحات کی بات کی تھی، سینیٹ الیکشن کا جس طرح مذاق بنا سب کے سامنے ہے، اپوزیشن وزیراعظم کی بات مانتی تو آج ان کا مذاق نہ بنتا، انتخابی اصلاحات کی پیشکش پر ن لیگ آگے نہیں بڑھی، ہماری نظر میں پی ڈی ایم ختم ہوچکی ہے، اب تمام جماعتوں سے الگ الگ رابطہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ سپیکر قومی اسمبلی سوموار کو پاکستان واپس آجائیں گے اور ہم پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ سمیت تمام سیاسی جماعتوں سے رابطے کریں گے اور جو الیکٹرول ریفارمز بل پارلیمنٹ میں پیش کیا جاچکا ہے اس پر بات کریں گے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی بڑی جماعتیں ہیں جن کا ہمیشہ ملک میں کردار رہا ہے اب انہیں چاہئے کہ اپنے سیاسی اختلافات ختم کرکے ملک کے لیے کردار ادا کریں۔فواد چودھری کا کہنا تھا کہ ہم نے 2 اڑھائی سال استعفیٰ استعفیٰ کھیل لیا اب آگے چلیں، استعفوں کی سیاست ختم ہوچکی اور اب اصلاحات کی سیاست شروع ہوچکی،اپوزیشن کو چاہئے کہ اپنی سیاست پر نظر ثانی کرے ،انہیں چاہئے کہ وزیر اعظم عمران خان، پارلیمنٹ اور آئین کو تسلیم کرتے ہوئے آگے بڑھیں اور الیکٹرول ریفارمز کیلئے جہاں سے بات شروع کرنی ہے کریں ہم آپ کو آفر کررہے ہیں کہ آپ خود اس سلسلہ میں کمیٹی بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ فوج اور دیگر ریاستی اداروںپر تنقید کر کے اپوزیشن نے اپنی ہی سیاست خراب کی اس لیے مسلم لیگ ن صرف وسطی پنجاب اور پیپلز پارٹی اندرون سندھ تک محدود ہوکر رہ گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز کے والد سارا پیسہ لندن لے گئے، مریم نواز کی خواہشات پر پاکستان نہیں چلے گا، نواز شریف روز لندن کے نئے ریسٹورنٹ جا رہے ہیں انہیں چاہئے کہ لندن کے ریسٹورنٹ پر کوئی کتاب ہی لکھ دیں۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کو عمران فوبیا سے نکل کر اپنی خامیوں پر توجہ ڈالنی چاہیے، قومیں وہی آگے جاتی ہیں جو ماضی سے سیکھتی ہیں، انتخابی اصلاحات کیلئے تمام جماعتوں سے رابطہ کریں گے، مذاکرات کی بات کرنے پر سمجھا جاتا ہے حکومت کمزور ہے، ن لیگ بڑی سیاسی جماعت ہے لیکن آج کل بچوں کو دی ہوئی ہے۔ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ جاوید اقبال کے آنے سے نیب کافی فعال ہواہے تاہم عوام کی توقعات بہت زیادہ ہیں، نیب کو چاہئے کہ تمام افراد کو ایک ہی طرح دیکھا اور سنا جائے ورنہ عوام کا اعتبار اٹھ جائے گا۔انہوں نے کہا کہ سابقہ حکمرانوں کے مہنگے بجلی کے منصوبے لگانے کی وجہ سے آج بجلی مہنگی مل رہی ہے، چینی مہنگی کا شورمچانے والوں کو پتہ ہونا چاہئے کہ پہلی بار کسان کو گنے کی پوری قیمت ملی ہے۔
اے پی پی/لاہور/فرح