ملتان، 24مارچ (اے پی پی ): کورونا وائرس کے مریضوں کی بڑھتی ہوئی شرح کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کریک ڈاون میں شدت آ گئی، گزشتہ 24 چوبیس گھنٹوں کے دوران مقررہ وقت پر مارکیٹیں بند نہ کرنے پر 7دکانداروں کو گرفتار کر لیا گیا ہے،کریک ڈاون کے دوران ملتان شہر میں21 دکانیں سیل کی گئیں،22بسیں تحویل میں لی گئیں اور مجموعی طور پر 81 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
اے سی سٹی خواجہ عمیر محمود نے ایس او پیز کی خلاف ورزی پر7 دکانداروں کو موقع پر گرفتار کرا دیا ہے۔انہوں نے6 دکانیں بھی سیل کردیں ہیں۔
پرائس مجسٹریٹ نعمان عابد نے14 دکانوں کو سیل کیا ہے جبکہ6 دکانیں گول باغ،3مبین مارکیٹ،2باٹاچوک اور 3گردیزی مارکیٹ میں سیل کی گئیں ہیں۔ سیکرٹری آر ٹی اے رانا محسن نے کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 22 بسیں تھانے میں بند کرا دیں ہیں۔ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے بس مالکان پر74ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔
سیکرٹری آرٹی اے نے شہر اور مختلف روٹس پر چلنے والی ٹرانسپورٹ کمپنیوں کے مالکان کو سخت ہدایات جاری کر دیں ہیں انہوں نے کہا ماسک کے بغیر کسی مسافر کو نہیں بٹھایا جائے گا ۔رانا محسن نے کہا کہ بس اور ویگن اسٹینڈز پر مسافروں کے استعمال کے لئے ہینڈ سینی ٹائزر کا انتظام کیا جائے گا اور فاصلہ برقرار رکھنے کے لئے بس اور ویگن کی گنجائش سے 50 فیصد کم مسافر بٹھائے جائیں گے۔