کوہلو، 23 مارچ (اے پی پی ): ملک کے دیگر حصوں کی طرح کوہلو میں بھی یوم پاکستان جوش وخروش سے منایا گیا ،یوم پاکستان کی مناسبت سے کوہلو میں عظیم الشان ریلی منعقد کی گئی ۔ ریلی قبائلی رہنما میر نثار احمد مری کی قیادت میں نکالی گئی جو شہید جسٹس محمد نواز مری چوک سے برآمد ہوئی اور شہر کے مختلف راستوں سے ہوتے ہوئے ٹریفک چوک پر آکر جلسے کی شکل اختیار کرگئی۔
ریلی کے شرکاء نے بینرز، پلے کارڈز اور سبز ہلالی پرچم اٹھا رکھے تھے جبکہ شہر کی فضاء پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھی۔
شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے میر نثار احمد مری،حاجی میر بہار خان مری،وڈیرہ غازیخان پوادی و دیگر نے یوم پاکستان کے پس منظر پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ 23مارچ 1940ہماری تاریخ کا ایک سنہرا دن ہے۔ آج کا دن تجدید عہد کا دن ہے کہ قائد اعظم محمد علی جناح کے فرمان ایمان،اتحاد، تنظیم، یقین محکم پر عمل کرکے ملک کی تعمیر وترقی اور خوشحالی میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں ۔پاکستان کا قومی دن منانے کا مقصد 23مارچ1940کو لاہور میں منظور کی جانی والی تاریخی قرارداد اور اکابرین کی قربانیوں اور جدوجہد کی یاد کو تازہ کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 23مارچ برصغیر کے مسلمانوں کیلئے تاریخ کے سنہرے لفظوں میں یاد کیا جائے۔سات سال کی جدوجہد کے بعد قائد کی سربراہی میں مسلمانوں نے اپنی آزاد مملکت کے قیام کو عمل میں لاکر اقبال کے خواب کو شرمندہ تعبیر کردیا ۔
مقررین نے قائداعظم محمد علی جناح،ڈاکٹر علامہ محمد اقبال اور تحریک پاکستان کے رہنماؤں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور مقبوضہ جموں کشمیر میں مظلوم کشمیریوں پر ہندوستانی مظالم کی شدید مذمت کی جبکہ ان کے حق خودارادیت کیلئے جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔