اوکاڑہ،14مارچ(اے پی پی): وفاقی پارلیمانی سیکرٹری محکمہ ماحولیاتی تبدیلی و انچارج وزیر اعظم پاکستان کلین اینڈ گرین مہم رخسانہ نوید نے کہاکہ ماحولیاتی تبدیلیاں ایک بڑاچیلنج ہیں،ہم وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق پاکستان کو گرین اور کلین بنا ئیں گے اوراس کیلئے شجرکاری کوقومی تحریک کے طورپر آگے بڑھا رہے ہیں اورپودے لگا کرماحولیاتی آلودگی پر قابو پائیں گے،ماضی میں درختوں کو بے دریغ کاٹ کر ماحولیاتی آلودگی میں کئی گنا اضافہ کیا جاتا رہا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کلین اینڈ گرین مہم کے سلسلہ میں ضلعی دفتر ریسکیو 1122میں گرین وال کے افتتاح اور لان میں پودا لگانے کے بعد کیا ، ڈسٹرکٹ ایمر جنسی آفیسر چوہدری ظفر اقبال نے ضلعی دفتر سمیت تحصیل دفاتر میں کلین اینڈ گرین مہم کے تحت بنائی گئیں گرین وال اور شجر کاری کے بارے بریفنگ دی۔
اس موقع پر وفاقی پارلیمانی سیکرٹری محکمہ ماحولیاتی تبدیلی و انچارج وزیر اعظم پاکستان کلین اینڈ گرین مہم رخسانہ نوید نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی بلین ٹری مہم کامیابی سے ہمکنار ہو گی جس کے لیے پھل دار پودے لگانے پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔
بعد ازاں انہوں نے دفترڈپٹی کمشنر کے لان میں پودا لگایا اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (فنانس اینڈ پلاننگ ) چوہدری طاہر امین سمیت ڈسٹرکٹ کوارڈینیٹر کلین اینڈ گرین مہم ملک غلام نبی کھوکھر، ٹکٹ ہولڈر چوہدری طارق ارشاد ،ضلعی صدر خواتین ونگ شازیہ احمد ،پاکستان تحریک انصاف کنٹونمنٹ بورڈکے رہنما میجر (ریٹائرڈ) احمد، ڈاکٹر شمیم الحق اور دیگر بھی موجود تھے۔