کوئٹہ،18مار چ(اے پی پی):گورنربلوچستان امان اللہ یاسین زئی نے سول سنڈیمن ہسپتال کوئٹہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے کروناوائرس سے بچاؤ کے لئے ویکسین لگوائی، اس موقع پر سیکرٹری صحت نورالحق بلوچ نے ویکسی نیشن کے بارے میں بریفنگ دی۔
میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے گورنربلوچستان نے کہا کہ کروناوائرس کی روک تھام کیلئے مرحلہ وار ویکسین کی فراہمی اور مانیٹرنگ میکنزم کو ڈسٹرکٹ کی سطح تک لےجانے کیلئے شعوری کاوشیں ہورہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ فرنٹ لائن پر لڑنے والے ڈاکٹروں، نرسوں اور دیگر متعلقہ افراد کی حفاظت پر خصوصی توجہ مرکوز رکھنا اشدضروری ہے، تمام حفاظتی تدابیر کی مکمل پاسداری کیلئے عوامی شعور و آگاہی کی مہم چلانے میں میڈیا بھرپور کردار ادا کریں۔
گورنر یاسین زئی نے کہا کہ کروناوائرس کی حساسیت کو سنجیدگی سے لینے اور حفظان صحت کے اصولوں کو اپنانے سے ہی اس پر قابو پایا جاسکتا ہے، کرونا ویکسینیشن سے گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ یہ آپ کی حفاظت صحت مندی کیلئے فراہم کی جارہی ہے اور آج میں نے خود بھی یہاں آکر اپنی ویکسی نیشن لگوائی۔ انہوں نے کہا کہ میں بلوچستان بھر کی عوام سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ بھی ویکسین لگوائیں اور شہری کورونا کی ایس او پیز پر عملدرآمد کریں۔











