گورنر خیبر پختونخوا نے صوبہ کی تمام اعلی تعلیمی جامعات سے گزشتہ 10 سالوں کے دوران الحاق شدہ تعلیمی اداروں کی تفصیلات طلب کر لیں

72

 

پشاور، 2 مارچ(اے پی پی): گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان نے صوبہ کی تمام اعلی تعلیمی جامعات سے گزشتہ 10 سالوں کے دوران الحاق شدہ تعلیمی اداروں(سکولز، کالجز) کی تفصیلات طلب کر لیں۔

 منگل کے روز گورنر ہاؤس پشاور میں وویمن یونیورسٹی صوابی سینیٹ کے چوتھے اجلاس کی صدارت کے دوران گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان کا کہنا تھا کہ تمام اعلی تعلیمی جامعات کے ساتھ الحاق شدہ تعلیمی اداروں کی تفصیلات طلب کرنے کا مقصد ملحقہ اداروں کی کارکردگی اور شفافیت کے عمل کو دیکھنا ہے۔

اجلاس میں وویمن یونیورسٹی صوابی کے سالانہ بجٹ2016-17، 2017-18 اور 2020-2021 کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں جامعہ کی مالی سال 2014-سے 2019 تک کی آڈٹ رپورٹ بھی پیش کی گئی۔سینٹ اجلاس کو وائس چانسلر ڈاکٹر شاہانہ عروج نے یونیورسٹی کی مجموعی کارکردگی، مختلف انکوائریز اور مستقبل کے منصوبوں سے متعلق تفصیلات بھی بتائیں۔

 گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان نے یونیورسٹیوں میں طلبہ اور اساتذہ کیلئے ڈریس کوڈ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے وویمن یونیورسٹی صوابی کو خود طالبات اور اساتذہ  کے لئے ڈریس کوڈ متعارف کرانے کی ہدایت کہ تاکہ طالبات پر سوشل چیک رکھنے کےساتھ والدین پر لباس کی مد میں بھاری اخراجات کو روکا جا سکے۔انہوں نے جامعہ کو پیپر چیکنگ نظام میں شفافیت اور طالبات کا اعتماد بحال رکھنے کیلئے  باہر کے پی ایچ ڈی اسکالرز سے امتحانی پرچہ جات چیک کرانے کا نظام بھی متعارف کرانیکی ہدایت کی۔

اجلاس میں پرنسپل سیکرٹری برائے گورنر محمدادریس خان، سیکرٹری محکمہ اعلی تعلیم داؤد خان، ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ خزانہ سفیر احمد کے علاوہ دیگر سینٹ اراکین موجود تھے۔