پشاور،23 مارچ(اے پی پی ): گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان نے یوم پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں پوری قوم کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی اور کہا کہ آج ہندوستان میں مسلمانوں کے جو حالات ہیں اور کشمیر میں مسلمانوں کے ساتھ جو کچھ ہو رہا ہے وہ یہ ثابت کرتا ہے کہ 23 مارچ 1940 کو پاکستان بنانے کا جو فیصلہ کیا گیا تھا وہ درست تھا ۔ انہوں نے کہا کہ میں پوری قوم سے یہ گزارش کرتا ہوں کے 23 مارچ کو اپنے گھروں کے اوپر پاکستان کا جھنڈا لگا کر اپنے اکابرین کا شکریہ ادا کریں کہ جنہوں نے پاکستان بنانے کا فیصلہ لیا تھا۔