سکھر،28مارچ(اے پی پی):موسم بہار کے آغاز کے ساتھ ہندو برادری کے رنگا رنگ تہوارہولی کی تقاریب بھی شروع ہو گئی ہیں ہر سال کی طرح اس سال بھی سکھر میں ہندوبرادری کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طورپرہولی کا تہوار منایاگیا۔اس سلسلہ میں دریائے سندھ کے وسط میں واقع ہندووں کی قدیم تیرتھ گاہ سادھو بیلہ میں خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا، تقریب میں اندرون سندھ سے ہندو برادری کی بڑی تعداد تقریب میں شرکت کے لیے پہنچی،تقریب کے دوران ہندو رسم و راج کے مطابق پوجا پاٹ کا اہتمام کیا گیا۔اس موقع پر انہوں نے ایک دوسرے پر لال ، پیلے ، نیلے اور ہرے رنگ پھینک کر خوشی کا اظہارکیاڈھول کی تھاپ پر بھگڑا ڈال ڈانڈیا کھیلا اور مختلف پاکستانی بھا رتی اور سندھی گیتوں پر رقص کیا ۔