کراچی,23مارچ (اے پی پی): گورنرسندھ عمران اسماعیل کے ہمراہ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ اور صوبائی کابینہ اراکین نے یوم پاکستان کے موقع پربانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری دی ،مزار پر پھولوں کا گلدستہ رکھا اور عظیم قائد کے درجات کی بلندی کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی۔ گورنرسندھ عمران اسماعیل نے مزار پر رکھی مہمانوں کی کتاب میں عظیم قائد کے لئے اپنے تاثرات بھی تحریر کئے۔
بعد ازاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے گورنرسندھ نے کہا کہ یوم پاکستان کے موقع پر ہم سب مل کر تجدید عہد وفا اور اس بات کا اعادہ کرتے ہیں کہ وطن عزیز کی ترقی، خوشحالی اور حفاظت کے لئے ایک منزل ایک قوم کی طرح آبیاری کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتوں کومکمل مذہبی آزادی اور تمام حقوق حاصل ہیں ، ہماری پارلیمان میں بھی ان کا اتنا ہی حصہ ہے جتنا دیگر کا ہے اور انھیں بولنے کی بھی اتنی آزادی حاصل ہے جتنا کہ کسی اور کو حاصل ہے۔
گورنرسندھ نے کہا کہ اگر ہم ہندوستان کے حالات کو دیکھیں تو یہ بات ثابت ہوجاتی ہے کہ قائد اعظم محمد علی جناح کا دو قومی نظریہ بالکل درست تھا، آج ہندوستان میں مسلمانوں ، سکھوں ، کسانوں اور دیگر اقلیتوں کے ساتھ انتہائی تضحیک آمیز رویہ روا رکھا جارہا ہے، مقبوضہ کشمیر میں بھی مسلمانوں کا عرصہ حیات تنگ کردیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کی لیڈر شپ قائد کے نقش قدم پر پاکستان کو لے کر جارہی ہے اس میں مشکلات اور دقتیں ہیں لیکن انشااللہ اپنے مقصد میں ضرور کامیاب ہوں گے اور ہمارا وطن عزیز وہی عظیم پاکستان بنے گا جس کا تصور قائد اعظم نے دیا تھا۔