انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی کا ٹیلی کمیونیکیشن ہیڈ کوارٹرز کا دورہ

37

پشاور، 29اپریل(اے پی پی): انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی نے آج ٹیلی کمیونیکیشن برانچ پشاور میں موٹر سائیکلوں کی مرمت اور جدید آلات کی تنصیب کے لیے قائم نئے ورکشاپ کا افتتاح کیا۔

  ھنڈا اٹلس کے تعاون سے قائم کی گئی اس ورکشاپ میں خیبر پختونخوا پولیس کے زیر استعمال موٹر سائیکلوں کی مرمت اور بحالی کے اُمور سرانجام دیئے جائیں گے۔ جدید سہولیات اور آلات سے آراستہ اس ورکشاپ میں موٹر سائیکلوں کی مرمت اور جدید آلات کی تنصیب کی تمام سہولیات بدرجہ اتم موجود ہیں۔ جہاں جدید ٹیکنالوجی اور کمپیوٹر پر مبنی نظام کے ذریعے گاڑیوں کی مرمت اور بحالی کا کام مختصر وقت میں تسلی بخش طریقے سے سرانجام دیا جائیگا۔ ورکشاپ کے قیام سے پولیس رائیڈر سکواڈ اور پولیس موٹر سائیکل پیٹرولنگ کو درپیش مسائل و مشکلات پر قابو پایا جائیگا اور جرائم پیشہ افراد بالخصوص اسٹریٹ کرائم میں ملوث عناصر کے خلاف موثر پولیسنگ کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔

 آئی جی پی نے فیتہ کاٹ کر نئے قائم شدہ ورکشاپ کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ آئی جی پی ورکشاپ کے مختلف حصوں میں گئے اور وہاں پر موٹر سائیکلوں کی مرمت کے لیے نصب کئے گئے جدید آلات اور کمپیوٹرائزڈ مشینری اور اوزار کا معائنہ کیا۔ قبل ازیں ڈی آئی جی ٹیلی کمیونیکیشن رضوان منظور نے آئی جی پی کو جدید ھنڈا اٹلس ورکشاپ کے اغراض و مقاصد اور اسمیں گاڑیوں کی مرمت اور پولیس گاڑیوں پر ضروری آلات کی تنصیب کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

یہ امر قابل ذکر رہے کہ خیبر پختونخوا پولیس کو فیلڈ میں مختلف نوعیت کے فرائض کی انجام دہی کے لیے حال ہی میں 3 ہزار سے زائد نئی موٹر سائیکلیں خرید کر مختلف پولیس یونٹوں کو فرائض کے لیے حوالہ کردی گئی ہیں۔ جن کی دیکھ بھال اور مرمت کا کام بھی اس نئے ورکشاپ میں کیا جائیگا۔ نئے ورکشاپ کے قیام سے خیبر پختونخوا پولیس کا موٹر سائیکلوں کی مرمت اور تزئین کے حوالے سے دوسروں پر انحصار کم ہو کر رہ جائیگا۔ آئی جی پی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نئے ورکشاپ کے قیام سے خیبر پختونخوا پولیس گاڑیوں کی مرمت اور جدید آلات کی تنصیب کی ضمن میں خودکفیل ہوگیا ہے، جس سے وقت کی بچت کے ساتھ ساتھ قومی خزانے کو بھی بڑا فائدہ حاصل ہو گا، اور پولیس کی موثر پیٹرولنگ کے ذریعے جرائم کے خاتمے اور امن و آمان کے قیام کو یقینی بنایا جائیگا۔

بعد ازاں آئی جی پی ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی نے وائرلیس ٹیلی گراف اسٹور کا بھی افتتاح کیا۔