بورے والا؛ ڈپٹی کمشنر مبین الہی کا رمضان بازار  کا دورہ  ، اشیاء خوردونوش کی قیمتوں، معیار اور سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لیا

32

بورے والا،24 اپریل (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر وہاڑی مبین الہی نے رمضان بازار بوریوالا کا دورہ  کیا اور اشیاء خوردونوش کی قیمتوں، معیار اور سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لیا۔

ڈپٹی کمشنر مبین الہی نے اس موقع پر کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی طرف سے رمضان بازاروں کیلئے دی گئی سبسڈی سے شہری مستفید ہو رہے ہیں، رمضان بازاروں میں اشیاء خوردونوش عام مارکیٹ سے 25فیصد سستے نرخوں پر فروخت کی جا رہی ہیں۔انہوں  نے  کہا کہ رمضان بازاروں میں خریداری کیلئے آنے والے لوگوں کو بہترین سہولیات بھی فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ لوگوں کو رمضان بازار میں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

ڈپٹی کمشنر مبین الہی نے کہا کہ رمضان بازار میں آٹا 10کلوگرام تھیلا 375روپے اور چینی 65روپے فی کلوگرام مہیا کی جا رہی ہے جس سے عوام کو ریلیف مل رہا ہے ۔انہوں  نے کہا کہ رمضان بازاروں میں سبزیاں و پھل بھی عام مارکیٹ کی نسبت سستے نرخوں پر فروخت کئے جا رہے ہیں، ماہ مقدس میں عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنا اولین ترجیح ہے جس کیلئے تمام وسائل بروئے کا ر لائے جا رہے ہیں۔

 ڈپٹی کمشنر مبین الہی نے کہا کہ شہری رمضان بازار میں ماسک پہن کر آئیں، سماجی فاصلہ برقرار رکھیں، کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کر کے ہی کورونا پر قابو پایا جا سکتا ہے۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر بوریوالا عمر فاروق،سی او میونسپل کارپوریشن بوریوالا راؤ محمد علی اور دیگر موجود تھے۔