پشاور،21اپریل (اے پی پی):وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومتوں کا اصل کام عوام کی خدمت کرنا ہے ۔یونیورسل ہیلتھ کوریج سے دوردراز علاقوں میں ہسپتال بنیں گے،صحت کے شعبہ میں انقلاب آئے گا۔خیبر پختونخوا پہلا صوبہ ہے جس نے تمام عوام کو ہیلتھ کارڈ دیئے،پنجاب اس سال کے آخر تک یہ کام کرلے گا،گلگت بلتستان میں بھی سب کو یہ سہولت دی جارہی ہے،دیگر صوبوں پر بھی عوام کا دباؤ پڑھے گا اور وہ بھی ہیلتھ کوریج دینے پر مجبور ہوں گے۔
بدھ کو یہاں خیبر ٹیچنگ ہسپتال کے نئے بلاک کے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا حکومت نے صحت کے شعبہ میں نمایاں اہداف حاصل کئے ہیں،وزیر اعلی محمودخان اور گزشتہ کے پی کے حکومت کو اس پر مبارکباد دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جہاں وسائل محدود ہوں اور ان کا ایک بڑا حصہ قرض کی قسطوں میں چلا جاتا ہو، وہاں یونیورسل ہیلتھ کارڈ انتہائی اہمیت کا حامل اقدام ہے۔حکومت کا اصل کام لوگوں کی خدمت کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا پہلا صوبہ ہے جس نے اپنے تمام شہریوں کو صحت کارڈ دیئے۔یہ بہت بڑا کام ہے۔انہوں نے کہا کہ کتنے لوگ بیماری کے علاج کے پیسے نہ ہونے کی وجہ سے ہسپتال جانے سے قاصر ہوتے ہیں اور اس دوران ان کا مرض بگڑ جاتا ہے پھر اس کے لئے قرض لینا یا جمع پونچی ختم ہوجاتی تھی تاہم اب لوگ اپنی مرضی کے ہسپتالوں میں اپنا علاج صحت کارڈ کے ذریعے مفت کروا سکیں گے۔یہ صرف ہیلتھ کارڈ نہیں بلکہ ایک پورا سسٹم ہے۔اس سے دوردراز علاقوں میں ہیلتھ کے شعبہ میں انقلاب برپا ہوگا،اس سے یہاں ہسپتال بنیں گے،سرکاری ہسپتالوں میں بہتری آئے گی اور جزاوسزا کا نظام پروان چڑھےگا۔
وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ہیلتھ کارڈ کی وجہ سے اب ڈاکٹرز دیہی علاقوں میں بھی خدمات سرانجام دیں گے ،ماضی میں ڈاکٹرز بڑے شہروں میں خدمات دینے کو ترجیح دیتے تھے ۔انہوں نے کہا کہ تھرپارکر میں وفاقی حکومت نے ہیلتھ کارڈ کی سہولت دی ہے جبکہ ہسپتالوں میں اچھا ماحول دیکھ کر باقی صوبوں میں بھی ایسا کلچر آئے گا۔