مظفرگڑھ، 22اپریل(اےپی پی): کمشنر ڈی جی خان ڈویژن ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا ہے کہ حکومت کی پالیسی اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے ویژن کے مطابق ماہ صیام میں عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے رمضان بازاروں میں تمام معیاری اشیاء خوردونوش عام بازار کی نسبت کم قیمتوں پر فراہم کی جارہی ہیں۔یہ بات انہوں نے مظفرگڑھ رمضان بازار کا معائنہ کرتے ہوئے کہی۔ ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ انجینئر امجد شعیب خان ترین اور اسسٹنٹ کمشنر مظفرگڑھ ڈاکٹر عابدہ فرید بھی ان کے ہمراہ تھیں۔
کمشنر ڈی جی خان نے کہا کہ ڈویژن بھر کے تمام بازاروں میں خصوصی طور پر محکمہ زراعت مارکیٹنگ کے سٹال لگائے گئے ہیں جہاں سبزیاں، پھل، کھجور، دالیں، بیسن وغیرہ بازار سے 20سے 25فیصد کم قیمتوں پر وافر مقدار میں دستیاب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سبسڈی قیمت پر چینی اور آٹا بھی فراہم کیا جارہا ہے، مرد و خواتین کیلئے علیحدہ علیحدہ سٹال لگائے گئے ہیں، خریداروں کیلئے کرسیوں کا انتظام کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر انجینئر امجد شعیب خان ترین کی سربراہی میں ضلعی انتظامیہ نے رمضان بازاروں میں بہتر انتظامات کئے ہیں جو قابل تحسین ہیں۔ڈپٹی کمشنرانجینئرامجد شعیب خان ترین نے بتایا کہ ضلع بھر میں 6رمضان بازار قائم کئے گئے ہیں جہاں تمام معیاری اشیاء خوردونوش عام بازار سے کم قیمتوں پر دستیاب ہیں۔ خریداروں کے بیٹھنے کیلئے کرسیوں کا انتظام کیا گیا ہے۔ خریداروں کے مسائل کے فوری حل کیلئے پولیس، محکمہ صحت، ریسکیو 1122اور ریونیو کے افسران و اہلکار ہر وقت موجود ہیں۔ اس کے علاوہ ٹائیگر فورس کے رضاکار بھی عوامی راہنمائی کیلئے موجود ہیں۔
کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد نے چینی، آٹے اور دیگر اشیاء کے سٹالوں پر اشیاء خوردونوش کے معیار اور قیمتوں کا بھی جائزہ لیا اور خریداروں سے بھی دریافت کیا جس پر خریداروں نے اطمینان کا اظہار کیا۔
بعد ازاں کمشنر نے ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ کوٹ ادو میں بھی رمضان بازار کا معائنہ کیا۔