سکھر،26 اپریل ( اے پی پی ): دیہی ترقی اور غربت میں کمی لانے کے لئے جدوجہد کرنے والے ادارے سندھ رورل سپورٹ آرگنائیزیشن ( سرسو) کی جانب سے کورونا وبا کے خلاف جنگ جاری ہے،سرسو اس وبا کے خلاف عوامی اگاہی کے ساتھ ساتھ عملی اقدامات کے ذریعے بھی کام کر رہی ہے، اس حوالہ سے شکارپور اور لاڑکانہ اضلاع میں مارکٹوں، سکولوں اور ہسپتالوں میں ہاتھ دھونے کے 106 سٹیشنز قائم کئے گئے ہیں جو ایک اہم کامیابی ہے۔
اپنے جاری کردہ بیان میں سندھ رورل سپورٹ آرگنائیزیشن ( سرسو) کے چیف ایگزیکٹو افیسر محمد ڈتل کلہوڑو نے کہا کہ سرسو اپنے دیرینہ دوست ادارہ آر ایس پی این کے تعاون سے سندھ کے دو اضلاع لاڑکانہ اور شکارپور میں کورونا وبا کو روکنے کے لئے ایکو کے ( ہپ ) کے تحت مختلف سرگرمیاں شروع کی ہیں جس کا مقصد کورونا وبا سے بچاﺅکے لئے احتیاطی اقدامات عوامی آگاہی اور رویوں میں تبدیلی پیدا کرنا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ کورونا وبا کے خلاف جاری جنگ میں کامیابی کے لئے عوام میں آگاہی ، سماجی رویوں میں تبدیلی ،عملی احتیاطی اقدامات اور ویکسین کرانے کی سخت ضرورت ہے۔اس لئے اس وبا کے خاتمہ تک ہم سب کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔وبا کو پھیلنے سے روکنے اور ان کے خاتمہ کے لئے کمیونٹی اداروں کا کردار بھی اہم ہے۔ان کی شراکت اور تعاون سے خصوصاّ نچلی سطح تک موثر طریقے سے کام کیا جا سکتا ہے۔
سرسو کی جانب سے اس منصوبہ کے فوکل پرسن اکرم شیخ نے اس منصوبے اور اس کی کامیابی کے حوالہ سے بتایا کہ سرسو کی جانب سے کمیونٹی اداروں کے ساتھ ملکر کورونا وبا کے خلاف لاڑکانہ اور شکارپور اضلاع میں یورپین کمیشن ہیومینٹیرین آفیس (ایکو) اور رورل سپورٹ پروگرام نیٹ ورک (آر ایس پی این) کے تعاون سے منصوبہ شروع کیا گیا ہے،اس منصوبہ کے تحت ہاتھ دھونے کی 106 اسٹیشنز قائم کی گئی ہیں،ان میں سے 53 لاڑکانہ اور 53 شکارپور میں ہیں۔ جبکہ ان میں 40 سٹیشن مارکٹوں ، 60 سرکاری سکولوں اور 6 سرکاری ہسپتالوں(2 ڈی ایچ کیوز، 4 بی ایچ کیوز) میں ہیں۔