سنٹرل پولیس آفس پشاور میں تعزیتی ریفرنس کا انعقاد

16

پشاور، 20 اپریل(اے پی پی): انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی کی زیر صدارت آج سنٹرل پولیس آفس پشاور میں ایک تعزیتی ریفرنس منعقد ہوا، جس میں سابق آئی جی پیز ناصر خان درانی، محمد عباس خان اور ڈی آئی جی یامین خان کی روح کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔ سنٹرل پولیس آفس اور پشاور کی سطح کے اعلیٰ پولیس حکام نے ریفرنس میں کثیر تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر مرحومین کی روح کے ایصال ثواب کے لیے اجتماعی دعا پڑھائی گئی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو جنت الفردوست میں اعلیٰ مقامات سے نوازے اور پسماندگان کو یہ صدمہ جانکاہ صبر و تحمل سے برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔اس موقع پر آئی جی پی ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی نے مرحومین کی پیشہ ورانہ خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ مرحومین کی گراں قدر پولیس خدمات کو مدتوں یاد رکھا جائے گا۔ آئی جی پی نے کہا کہ محمد عباس خان اور ناصر خان درانی اپنی ذات میں پولیس اکیڈمی کا درجہ رکھتے تھے۔ آئی جی پی نے دونوں کی پولیس اصلاحات اور عوام کو انصاف دلانے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات اور کوششوں کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ آئی جی پی نے بالخصوص ناصر خان درانی کے ساتھ سروس کے دوران گزرے ہوئے لمحات کی یاد تازہ کرتے ہوئے ان کی انتھک محنت اور سخت کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ بہت خوش قسمت انسان تھے اور جتنی پزیرائی ان کی پولیس اقدامات کو ملی وہ کسی اور کو نصیب نہیں ہوئی۔ بحیثیت آئی جی پی خیبر پختونخوا انہوں نے جس دیانتداری اور خلوص سے اپنے فرائض سرانجام دیئے اور پولیس اصلاحات متعارف کرائے وہ ملک کے دیگر صوبوں کے لیے مشعل راہ ہیں۔ یہاں یہ امر قابل ذکر رہے کہ آئی جی پی ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی نے ناصر خان درانی کی تجہیزو تدفین میں شرکت کے لیے ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز رائے بابر سعید کو خصوصی طور پر لاہور بھیجوایا۔ جہاں انہوں نے مرحوم کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور ان کی قبر پر آئی جی پی خیبر پختونخوا کی جانب سے پھولوں کی چادر چڑھائی اور لواحقین کے ساتھ دلی ہمداری کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے لیے دعائے مغفرت کی۔