سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی جانب سے کورونا سے بچنے کیلئے شہر بھر میں آگاہی مہم جاری

18

پشاور، 25اپریل(اے پی پی): چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان کی ہدایت پر سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی ایجوکیشن ٹیموں کی جانب سے شہر کے مختلف سیکٹروں میں کورونا وائرس سے بچنے کیلئے آگاہی مہم کا سلسلہ بدستور جاری ہے جس کے تحت سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے ڈی ایس پیز اور ایجوکیشن ٹیموں کی جانب سے شہر کی ہر عام و خاص شاہراہوں پر لاؤڈ سپیکر کے ذریعے شہریوں کو آگاہی دی جاتی ہے تاکہ کورونا وائرس سے نمٹنے سمیت اس سے بچاؤ ممکن ہو سکے۔

چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ احکامات پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لئے سٹی ٹریفک پولیس پشاور آگاہی مہم جاری رکھی ہوئی ہے جو سٹی ٹریفک پولیس پشاور اپنا فرض سمجھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی احکامات پر عملدرآمد کو ہر صورت میں یقینی بنایا جائے گا۔

 انہوں نے مزید کہا کہ شہری کورونا  ایس او پیز پر عملدرآمد کرنے سمیت سماجی فاصلے کا خاص خیال رکھیں اور وہ وقت دور نہیں جب تمام محکموں کی صلاحیتیں رنگ لا کر ملک ایک بار پھر کورونا جیسی خطرناک اور جان لیوا وباء سے پاک ہو جائیگا اور ہر طرف خوشحالی ہو گی تاہم عوام کو اس سلسلے میں حکومت اور اداروں کا ساتھ دینا ہو گا اور عوام اس وباء کو کنٹرول کرنے کیلئے حکومت اور اداروں کا ساتھ دیکر اس وباء کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کریں۔