سکھر میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیس اور پھیلاو کو روکنے کے لئے انتظامیہ متحرک ہوگئی، ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 16 دکانوں کو سیل کر دیا

33

 

سکھر،30 اپریل ( اے پی پی ) :سکھر میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیس اور شہر میں اس کے پھیلاو کو روکنے کے لئے ضلعی انتظامیہ متحرک ہوگئی،اسسٹنٹ کمشنر سکھر سٹی رانا عمر نے ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 16 دکانوں کو سیل کر دیا۔

ڈپٹی کمشنر سکھر رانا عدیل تصور کے احکامات پر اسسٹنٹ کمشنر سکھر سٹی رانا عمر کی شہر میں ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف تابڑ توڑ کارروائیاں جاری ہیں،انہوں نے سکھر شہر کے مختلف علاقوں گھنٹہ،شہید گنج ،صرافہ بازار ،نیم کی چاڑی ،مشن روڈ اور دیگر علاقوں کا دورہ کیا،ایس ایچ او تھانہ بی سیکشن لیاقت لاشاری ، ریونیو عملہ اور پولیس کے ہمراہ شہرمیں ایس او پیز کی خلاف ورزی اور ماسک نہ پہننے والے دکانداروں کے خلاف سخت ایکشن لیتے ہوئے 16 دکانوں کو سیل کردیا ، ان پر جرمانے بھی عائد کئے گئے۔

خریداری کے لئے آنے والے شہریوں میں ایس او پیز سے متعلق آگاہی بھی فراہم کی۔ شہریوں کو باقاعدگی سے ماسک کے استعمال کو یقینی بنانے کے لئے انہیں پابند کیا جا رہا ہے۔ انتظامیہ کے اس اقدام سے کافی حد تک شہریوں میں ماسک کی اہمیت اجاگر ہوئی ،انتظامیہ کو دیکھ کر دکانداروں اور شہریوں نے موقع پر ہی ماسک پہن لئے۔

اے سی سٹی رانا محمد عمر کا کہنا تھا کہ کارروائیوں کا مقصد سندھ حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد کروانا اور شہر میں اس وبا کے پھیلاؤ کو روکنا ہے تاکہ شہریوں کی زندگیوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔