سکھر،29 اپریل ( اے پی پی ): ملک کے دیگر شہروں کی طرح سندھ کے تیسرے بڑے شہر سکھر میں بھی کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کروانے کیلئے پاک فوج کے دستے کمانڈنٹ میجر جمیل کی سربراہی میں پنو عاقل چھاﺅنی سے سکھر پہنچ گئے ہیں۔پاک فوج کے دستوں نے شہرکے مختلف علاقوں میں گشت شروع کردیا ہے،فوج کے خوف سے شہریوں نے ماسک کا استعمال شروع کردیا ہے۔
فوج کے آنے کے بعد سکھرمیں ماسک کی خریداری میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ افواج پاکستان کے جوان سکھرمیں مقامی پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ ملکر کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کرانے میں مدد فراہم کررہے ہیں۔
افواج پاکستان کے جوان پولیس کے ہمراہ لوگوں کو ماسک پہننے،سینی ٹاہرز کا استعمال کرنے، شام چھ بجے کے بعد کاروبار بند اور گھروں سے غیر ضروری باہر نکلنے پرپابندی کے احکامات پر عمل کرا رہے ہیں۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن کا اعلان کیا جا رہا ہے۔