کراچی،23اپریل (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے پاکستان کونسل برائے خارجہ تعلقات (پی سی ایف آر) کے وفد نے جمعہ کے روز یہاں گورنر ہاوس سندھ میں ملاقات کی۔ملاقات کے دوران ، وفد نے صدر ڈاکٹر عارف علوی کو بتایا کہ کس طرح پی سی ایف آر کراچی میں تھنک ٹینک کی حیثیت سے کام کر رہا ہے اور سفارتی امور میں حکومت کی مدد کر رہا ہے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر عارف علوی نےکہا کہ حکومت نے سفارت کاری اور خارجہ پالیسی کے شعبوں میں تحقیقی کاموں کے لئے دفتر خارجہ کے ذریعہ ملک میں یونیورسٹیوں سے رابطے کیے ہیں۔ صدر مملکت نے وفد کو یقین دلایا کہ وزارت خارجہ کے ذریعے دفتر خارجہ اور پی سی ایف آر کے مابین رابطوں کو بھی مضبوط بنایا جائے گا۔غیر ملکی سفارت کاروں کے ساتھ بہتر تعلقات برقرار رکھنے میں پی سی ایف آر کے کردارکا اعتراف کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ قارئین کی تعدادمیں اضافہ کے لئے تھنک ٹینک کے طور پر پی سی ایف آر کے عملی اثرات زیادہ موثر ہونے چاہئیں۔ڈاکٹر عارف علوی نے وفد کو اسلام آباد میں اپنا دفتر کھول کر پاکستان کونسل برائے خارجہ تعلقات کا دائرہ کاروسیع کرنے کا مشورہ بھی دیا۔ سفارتخانے کی سطح پر غیرملکی سفیروں اور معززشخصیات کے ساتھ بات چیت سے بہتر روابط پیدا ہوں گے اور ملک کا مثبت تشخص اجاگرکرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی سی ایف آر کو ثقافت ، معیشت اور سیاحت کے شعبوں میں بھی اپنے تحقیق کا دائرہ وسیع کرنے کی ضرورت ہے۔وفد کے ممبران میں چیف ایگزیکٹو
آفیسراو پی سی ایف آر احسن مختار ، سفیر حسن حبیب ، سفیر خالد امین ، انڈس نیوز کے سابق سربراہ شاہین صلاح الدین اور دیگر شامل تھے۔