صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی ایوان نوادرات قائد اعظم میں تاریخی نوادرات کے متعلق معلومات کو ڈیجیٹل طریقے سے فراہم کرنے کی ہدایت

17

کراچی،24اپریل  (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ایوان نوادرات قائد اعظم میں محققین اور تاریخ میں دلچسپی رکھنے والوں کو راغب کرنے کے لئے تاریخی نوادرات کے متعلق معلومات کو ڈیجیٹل طریقے سے فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ شوکیسز میں مناسب روشنی کا انتظام کرنے سمیت سیاحوں کے لئے سہولیات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

وہ ہفتہ کو یہاں گورنر ہاؤس میں ایوان نوادرات قائد اعظم اور نیشنل میوزیم آف پاکستان کی تزئین و آرائش اور اپ گریڈیشن کے حوالے سے پیشرفت کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن کے سینئر حکام اور قائد اعظم مزار مینجمنٹ بورڈ کے عہدیداران نے بھی شرکت کی۔

 اجلاس میں ایوان نوادرات قائد اعظم اور نیشنل میوزیم آف پاکستان کی تزئین و آرائش اور اپ گریڈیشن کے حوالے سے تجاویز کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ صدر عارف علوی نے سیاحوں کی دلچسپی کے لئے تھری ڈی ڈسپلے اور تاریخی دستاویزات و نوادرات کو محفوظ رکھنے کے لئے شوکیسز میں نمی کو کنٹرول کرنے کے لئے ضروری اقدامات کرنے پر بھی زور دیا۔

 صدر مملکت نے کہا کہ میوزیم میں سیاحوں کی آمد و رفت میں سہولت کے لئے کھلی جگہ کی ضرورت ہےانہوں  نے   ایوان نوادرات قائد اعظم اور نیشنل میوزیم آف پاکستان کی تزئین و آرائش اور اپ گریڈیشن کے حوالے سے پیش کی گئی تجاوز پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس سلسلے میں ضابطے کی تمام کارروائی جلد مکمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے آتشزدگی سے بچاؤ کے لئے مناسب اقدامات کو بھی تجاویز میں شامل کرنے کا کہا۔

 صدر مملکت کو نیشنل میوزیم میں دستیاب تقریباً 20 ہزار تاریخی دستاویزات کے لئے ڈیجٹیلائزیشن سینٹر کے قیام کی تجویز کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے نیشنل میوزیم کی عمارت کی تزئین، قدیم دستاویزات کو محفوظ بنانے کیلئے لیبارٹری کی اپ گریڈیشن اور سیاحوں کے لئے سہولیات بڑھانے سے متعلق جامع ماسٹر پلان کی تیاری کے لئے ایڈوائزری کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔