اسلام آباد،20اپریل (اے پی پی): صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وفاقی محتسب کو انشورنس پالیسی ہولڈرز کے مفادات کا تحفظ یقینی بنا نے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی محتسب انڈسٹری کی بد انتظامی کے خلاف فوری انصاف کی فراہمی یقینی بنائیں جبکہ انشورنس کمپنیوں کی بد انتظامی کے خلاف انصاف کی فراہمی کےلئے ادارے کے دائرہ کار کو بڑھایا جائے۔
منگل کو وفاقی انشورنس محتسب ڈاکٹر محمد خاور سے ملاقات میں صدر مملکت نے مئی کے پہلے ہفتے کوئٹہ میں ریجنل دفتر کا افتتاح کرنے کی درخواست منظور کی اور وفاقی انشورنش محتسب کو فرائض کی ادائیگی میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
ملاقات میں وفاقی انشورنس محتسب نے سال 2020 کی رپورٹ صدر مملکت کو پیش کی ۔ ڈاکٹر محمد خاور نے کہا کہصدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی ہدایت پر2020 کے دوران متاثرہ انشورنس پالیسی ہولڈرز کو 2.13ارب روپے کا ریلیف فراہم کیا گیا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ سال 2020ء میں 3107 جبکہ 2019 میں 2441 شکایات موصول ہوئیں۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کے باوجود سال 2020ء میں 2183 شکایات کا ازالہ کیا گیا۔