صوبائی وزیر اوقاف کی زیر صدارت وفاقی اور دیگر چاروں صوبوں کے وزراءاوقاف و مذہبی امور اور کمشنرز کا این سی او سی کا ویڈیو لنک اجلاس کا انعقاد

24

لاہور 26اپریل(اے پی پی): صوبائی وزیر اوقاف سید سعید الحسن شاہ کی زیر صدارت میں آج سول سیکرٹریٹ میں وفاقی اور دیگر چاروں صوبوں کے وزراءاوقاف و مذہبی امور اور کمشنرز کا این سی او سی کا ویڈیو لنک اجلاس کا انعقاد ہوا۔ اس موقع پر سیکر ٹری اوقاف نبیل جاوید ،ڈائریکٹر جنرل اوقاف سید طا ہر رضا بخاری ،چئیرمین رویت ہلال کمیٹی عبدالخبیر کے علاوہ دیگر افسران و علمائے کرام نے شرکت کی۔اس موقع پر وزیر اوقاف سید سعید الحسن شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ کرونا وائرس کی صورت حال کے پیش نظر تمام علمائے کرام اور میڈیا نے حکومتی اقدامات کی تائید کی ہے۔ وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور نیشنل کمانڈ آپریشن سینٹر، انتظامیہ اور عسکری اداروں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جن کی شبانہ روز کاوشوں اور انتھک محنت سے کورونا کے خلاف بہت جرات مندانہ کردار ادا کیا اور عوامی سطح پر شدید بد احتیاطی اور غفلت کے باوجود دانشمندی کا مظاہرہ کیا گیا۔ سمارٹ لاک ڈاﺅن کے ذریعے اس وباءکے مہلک اثرات کو کم سے کم رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے،یہ ایک عظیم کاوش ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب سردارعثمان اور محکمہ صحت کے عملہ کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے اس وباءکے کنٹرول میں اپنی تمام کاوشیں بروئے کار لا رہے ہیں۔ علماءکرام اور مشائخ کی توجہ چند انتہائی اہم امور کی طرف دلانا چاہوں گا جس پر عمل کر کے اس موذی وباءکے خلاف بہتر طریقے دفاعی حکمت عملی تیار کر سکتے ہیں۔ ہمارے ہمسایہ ملک بھارت میں بھی کورونا کی دوسری لہر نے بڑے پیمانے پر تباہی پھیلائی جہاں پر ایک دن میں ساڑھے تین لاکھ سے زائد لوگ اس وباءکا شکار ہوئے۔ پاکستان میں حکومت عوام مذہبی طبقات ، مشائخ، علماءکرام اور قومی ادارے متعلقہ مسئلے کی سنگینی سے مکمل طور پر آگاہ ہیں ۔اس سلسلہ میں کسی بھی قسم کی احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑا جا رہا ہے۔ ہمیں مزید احتیاط اور عملی اقدامات کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اسی لےے کورونا کی دوسری بڑی لہر میں وزیر اعظم نے عوام کا درد اور مذہبی عقیدت کو خاطر خواہ رکھتے ہوئے ملک بھر میں مکمل طور پر لاک ڈاﺅن سے اجتناب کیا ہے۔ حکومت نے رمضان المبار ک کا خیال کرتے ہوئے نماز تراویح پر بھی کوئی پابندی نہیں لگائی ۔ مساجد میں سماجی فاصلوں کو برقرار رکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نماز عید کے اجتماعات کو بھی محدود رکھا جائے گا اور عید کی شاپنگ کو بھی کم سے کم سطح پر کیا جائے۔ علماءکرام اور مشائخ عزام سے درخواست ہے کہ وہ معاشرے میں اپنا قائدانہ کردار ادا کریں اور کرونا ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے سلسلہ میں عوام کو آگاہی دیں۔ انہوں نے کہا کہ ویکسینشن کے حوالے سے کچھ شر پسند عناصر معاشرے میں بے بنیاد افواہیں پھیلا رہے ہیں کہ ویکسینیشن خطرناک دوا ہے ۔ ایسی صورت میں علماءاور مشائخ حضرات اپنا کلیدی کردار ادا کریں اور عوام میں شعور و آگاہی مہم کا آغاز کریں تاکہ شر پسندوں اور انتشار پھیلانے والے عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جا سکے۔ حکومتی اداروں اور مساجد کی انتظامیہ کا فرض ہے کہ پریشانی کے اس ماحول میں مسلمانوں کا مورال بلند رکھیں، ایمان و یقین اور اللہ پر توکل کا درس دیں۔مساجد کی صفائی وستھرائی اور دیگر حفاظت و احتیاطی تدابیر پر خصوصی توجہ دیں۔ عوام میں کروناوائرس سے متعلق غلط خبروں اور ابہام دور کرنے کے لئے موثرتشہیری مہم انتہائی اہم ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت اور تیز تر حکمت عملی کی بنا پر ویکسین کی تیاری کے لئے طبی ماہرین اور محققین کو تمام تروسائل مہیا کئے جا رہے ہیں- وزیر اوقا ف نے کورونا کے خلاف جاری مہم میں برسر پیکار ڈاکٹر ز، ہیلتھ پروفیشنلز ،صحافی اور دیگر ڈیوٹیاں سرانجام دینے والے افسران کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ سب قوم کے ہر فرد کے لئے رول ماڈل اور میرے لئے قابل قدر ہیں ۔وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر کورونا وائرس سے بچاﺅ کے لئے جاری مہم کے دوران خلاف ورزی کرنے سخت ایکشن لیا جا رہا ہے کہ عوام اپنی اور دوسروں کی صحت کے تحفظ کے لئے بلاضرورت گھر سے باہر آنے سے گریز کریں اور اپنے آپ کو ہر صورت میں محدود رکھیں-