پشین، 26 اپریل(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر پشین شبیرمینگل نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ لوگوں کو مقدس ماہ رمضان المبارک میں سستے اور رعایتی دام آشیائے خوردنوش کی فراہمی کیلئے بھرپور اقدامات اٹھارہی ہے، معیار کو مزید بہتر بناتے ہوئے عوام کو ہر ممکن سہولتوں میں اضافہ کیا جائے گا تاکہ انہیں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو، ان خیالات کا اظہار انہوں نے چارج سنبھالنے کے پہلے دن پشین شہر میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تاجروں کے تعاون سے قائم کردہ سستا رمضان بازار میں سٹالز کا معائنہ کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر پشین حضرت ولی کاکڑ، تاجر رہنماء اور دیگر بھی ہمراہ تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے رمضان سستا بازار کے معائنہ کے دوران وہاں پر اشیاء خوردنوش کا معیار چیک کیا اور ان کی قیمتوں کے حوالے سے صارفین سے دریافت کیا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ماہ رمضان برکتوں کا مہینہ ہے ہمیں صارفین کیلئے ان کی روزمرہ ضرورت کی اشیا خوردنوش گوشت، سبزی اور فروٹ سمیت دیگر اشیاء کی قیمتیں اعتدال پر رکھتے ہوئے عوام کو ریلیف دینا چاہیے، سستا بازار سے آشیائے ضروت کی چیزیں بارعایت قیمت میں ملے گی جس سے عوام کو خاطرخواہ ریلیف ملے گا۔
اس موقع پر ڈی سی نے ہدایت کی کہ رمضان سستا بازار عوام کوسستی اشیا کی فراہمی کا ذریعہ ہیں بازار میں تمام اشیائے خورد و نوش وافر مقدار میں موجود ہونی چاہیں ، دودھ، بوتلیں اور دیگر اشیا سمیت تمام سٹالز پر معیار کو اپناتے ہوئے گوشت، سبزیوں اور پھلوں کی فراہمی کی ہدایت کی اور کہا کہ معیار اور قیمتوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، عوام کسی بھی شکایت کی صورت میں انتظامیہ کو مطلع کریں۔