ضلعی انتظامیہ نے 11 رمضان بازار لگانے کے لئے ہوم ورک مکمل کرلیا

41

ملتان۔4اپریل  (اے پی پی):ماہ صیام میں شہریوں کو اشیائے ضروریہ رمضان بازاروں کے ذریعے رعائتی نرخوں پر فراہم کی جائیں گی۔ضلعی انتظامیہ نے 11 رمضان بازار لگانے کے لئے ہوم ورک مکمل کرلیا ہے۔ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے رمضان بازار فعال کرنے کے لئے10 اپریل کی ڈیڈ لائن دے دی ہے۔ہر رمضان بازار میں یوٹیلٹی سٹور کا سٹال بھی لگے گا۔رمضان بازاروں کی اہمیت کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے اتوار کو افسران کا اجلاس طلب کر لیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ریونیو محمد طیب خان، ایم ڈی ویسٹ منیجمنٹ کمپنی فخرالاسلام ڈوگر، اسسٹنٹ کمشنر صدر، سب رجسٹرارز،ڈی ایف سی احمد جاوید، سی ٹی او، ریسکیو، کارپوریشن، زراعت اور مارکیٹ کمیٹی کے افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ملتان سٹی،شجاع آباد اور جلالپور پیروالا کے اسسٹنٹ کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کی طرف دی گئی7ارب روپے کی سب سڈی کے ثمرات رمضان بازاروں کے ذریعے عوام تک پہنچائںیں گے۔ضلع کے رمضان بازاروں میں آٹے کے9 لاکھ 60 ہزار تھیلے رعائتی نرخوں پر فراہم کئے جائیں گے۔محکمہ خوراک کے پاس موجود1لاکھ20ہزار بوریاں گندم فلور ملوں کو فراہم کی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر نے گندم کا کوٹہ فراہم کرنے کے لئے محکمہ خوراک کو میرٹ پر فلور ملز کا انتخاب کرنے کا حکم دیا اور کہا کہ مارکیٹ میں معیاری آٹا فراہم کرنیوالی فلور ملز کو گندم کا کوٹہ جاری کیا جائے۔غیر معیاری آٹا فروخت کرنے کی بری شہرت رکھنے والی فلور ملز کو کسی صورت سرکاری گندم کا کوٹہ جاری نہ کیا جائے۔انہوں نے کہا حکومت ارزاں نرخوں پر اعلیٰ کوالٹی کی اشیائ_ شہریوں کو فراہم کرنا چاہتی ہے۔اجلاس میں آٹے کی بلیک مارکیٹنگ روکنے کے لئے میکانزم بھی طے کر لیا گیا۔ڈیجیٹل سسٹم میں شناختی کارڈ نمبر درج کرنے سے ایک دن آٹا خریدنے والے شہری کو دوسرے دن آٹا نہیں ملے گا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ فلور ملز اور چینی ڈیلرز کو سپلائی کے لئے رمضان بازار الاٹ کر دئے جائیں۔ہر رمضان بازار کے لئے ایک انچارج آفیسر مقرر کیا جائےتمام رمضان بازاروں میں الیکٹرانک پرائس بورڈ نصب کئے جائیں۔علی شہزاد نے رمضان بازاروں کے لئے قائم کنٹرول روم کے لئے ٹال فری نمبر حاصل کرنے کی بھی ہدایت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کو رمضان بازاروں کی صفائی کا ٹاسک دے دیا محکمہ سول ڈیفنس رمضان بازاروں میں واک تھرو گیٹس لگائے گا۔رمضان بازاروں میں پارکنگ فری ہو گی۔ڈپٹی کمشنر کی رمضان بازاروں میں سستے نرخوں پر سبزیوں کی فراہم کے لئے گرین چینل قائم کرنے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ رمضان بازاروں کو منظم اور موثر بنانے کے لئے ٹائیگر فورس کی خدمات حاصل کی جائیں گی اور رمضان بازاروں میں کورونا ایس او پیز پر مکمل عمل کیا جائے گا۔